جیکولین فرنینڈس اور میرا کی جوڑی ہٹ ہو گئی

دونوں کے ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 15 اکتوبر 2019 06:43

جیکولین فرنینڈس اور میرا کی جوڑی ہٹ ہو گئی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2019ء)   میرا پاکستان کی ٹیلنٹڈ اور خوبرو اداکارہ ہے۔ کئی دہائیوں تک لالی وڈ میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے والی اس اداکارہ کی فلمیں اب بھی انڈسٹری میں ہٹ ہوتی ہیں۔حال ہی میں ریلیز ہونے والی میرا کی فلم باجی نے نہ صرف باکس آفس پر خوب بزنس کیابلکہ شائقین کی طرف سے بھی انہیں خوب داد و تحسین سے نوازا گیا۔

میرا خبروں میں رہنے کا فن بھی جانتی ہیں۔کبھی کنٹروورسی کے ذریعے اور کبھی کام کے ذریعے وہ میڈیا کی شہ سرخیوں میں ضرور رہتی ہیں۔اب کی بار بھی ایسا ہی ہواہے کیونکہ بالی وڈ ہیروئین جیکولین فرنینڈس کے ساتھ ان کے ڈانس کی ویڈیو وائرل جو ہو گئی ہے۔پاکستان کی نامور اداکارہ میرا اور بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے ایک ساتھ فیشن شو میں شرکت کر کے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔

(جاری ہے)

رواں برس فلم ’باجی‘ میں اداکاری کے شاندار جوہر دکھانے والی اداکارہ میرا نے دبئی میں منعقد ایک فیشن شو میں شرکت کی جہاں بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے بھی بطور شو اسٹوپر واک کی۔اس موقع پر دونوں حسینائوں نے ایک دوسرے سے ملاقات کی اور فیشن شو پارٹی کو خوب انجوائے کیا۔پارٹی کی تھیم سفید تھی جس کے باعث دونوں نے ہی سفید رنگ کے ملبوسات کا انتخاب کیا۔

فیشن شو میں اداکارائوں نے ڈیزائنرز سمیت مختلف شوبز شخصیات کے ساتھ تصاویر بنوائیں، اس کے علاوہ ایک دوسرے کے ساتھ خوب رقص بھی کیا۔


دونوں شوبز اسٹارز کی ایک ساتھ لی گئی تصاویر اور رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی ہیں ۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ میرا دبئی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں ان کا کامیاب آپریشن کیا گیا تھا۔کافی دن اسپتال میں گزارنے کے بعد میرا نے شائقین کو اپنے تندرست ہونے کا بھی بتایا تھااور اب فیشن شو میں شرکت اور جیکولین فرنینڈس کے ساتھ ڈانس کی ویڈیو نے تو نا کے ٹھیک ہونے پر مہر ثبت کر دی ہے۔