شارجہ میں مقیم غیر مُلکی لڑائی چھُڑوانے کے چکر میں اپنی آنکھ ضائع کروا بیٹھا

بپھرے نوجوانوں نے اس کی بات ماننے کی بجائے اُلٹا اُسے کرکٹ بیٹ سے پِیٹ ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 اکتوبر 2019 11:04

شارجہ میں مقیم غیر مُلکی لڑائی چھُڑوانے کے چکر میں اپنی آنکھ ضائع کروا ..
شارجہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15اکتوبر2019ء ) لوگوں کے درمیان جھگڑا ختم کروانا بہت اچھی بات ہے۔ مگر کئی بار یہ بھلائی اُلٹی گلے بھی پڑ جاتی ہے۔ ایسا ہی معاملہ شارجہ میں مقیم ایک غیر مُلکی نوجوان کے ساتھ ہوا جو اجنبی افراد کے درمیان لڑائی ختم کروانے کے چکر میں نہ صرف بُری طرح پِٹ گیا بلکہ اپنی ایک آنکھ بھی ضائع کروا بیٹھا۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ 22 سالہ نائیجیریائی جوان شارجہ انڈسٹریل ایریا 1 کے علاقے میں اپنے ایک ہم وطن دوست سے مِلنے جا رہا تھا۔

راستے میں اُس نے دیکھا کہ 20 کے قریب ایشیائی ملازمین کسی بات پر ایک دُوسرے کی مار پٹائی کر رہے تھے۔ یہ نظارہ دیکھ کر اُس کے دِل میں خیال آیا کہ ایسا نہ ہو اس جھگڑے کی صورت میں کسی کا جسمانی نقصان ہو جائے، اس لیے وہ آگے بڑھ کر ان کی لڑائی ختم کروا دیتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی نیک جذبے کے تحت وہ اُن کی طرف گیا اور گتھم گُتھا نوجوانوں کو الگ کرنے کی کوشش کی مگر وہاں موجود ان نوجوانوں کے ساتھیوں نے اس نیک دِل نوجوان کو بھی کرکٹ بلے سے پیٹ ڈالا۔

جس کے بعد نوجوان کو شدید زخمی حالت میں القاسمی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بلے کی ایک ضرب کے باعث اُس کی کھوپڑی بھی ایک جگہ سے فریکچر ہو گئی ہے اور بہت زیادہ خون بھی بہا ہے۔جبکہ ایشیائی ملازمین کے درمیان جھگڑے کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو الکویتی ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ نائیجیریائی نوجوان نے بتایا کہ وہ ملازمین کی رہائش گاہ میں مقیم اپنے ایک دوست سے ملنے جا رہا تھا۔

جب اُس نے کچھ افراد کو لڑتے جھگڑے دیکھ کر اُن کی لڑائی ختم کروانے کی کوشش کی، مگر ان لوگوں نے اُلٹا اسے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تاہم شدید زخمی ہونے کے باوجود وہ اپنے دوست کے کمرے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا، جس نے اُس کی تشویش ناک حالت کو دیکھتے ہوئے اُسے فوری طور پر القاسمی ہسپتال منتقل کر دیا۔