Live Updates

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹو سمیت اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کو حتمی نوٹس جاری

نوٹس سندھ اسمبلی نشست پی ایس 11کی انتخابی مہم میں حصہ لینے اور ریلی نکالنے پر جاری کیئے گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 اکتوبر 2019 11:05

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹو سمیت اراکین صوبائی و ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اکتوبر ۔2019ء) الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کو حتمی نوٹسز جاری کردیے ہیں. ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ندیم حیدر کے مطابق بلاول بھٹو زرداری، نثار کھوڑو، ناصر شاہ، مکیش چاولہ، شرجیل انعام میمن، شبیر بجارانی، سردار خان چانڈیو، سہیل انور سیال سمیت دیگر کو دوسرا اور حتمی نوٹس جاری کیا گیا ہے.

انہوں نے بتایا کہ آج پہلے نوٹس کا جواب جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی تاہم جواب جمع نہ کرائے جانے پر حتمی نوٹس جاری کیا گیا ہے.

(جاری ہے)

نوٹس حلقہ پی ایس 11 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر جاری کیا گیا‘ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر نے کہا کہ نوٹس کا جواب کل داخل کروانا تھا، نہ کروانے پر حتمی نوٹس نکالا گیا ہے اور اگر آج نوٹس کے جوابات جمع نہیں کروائے گئے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی.

انتخابی ریلی سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا تھا لاڑکانہ کے عوام تیر کے ساتھ ہیں، 17 اکتوبر کو تیر پر ٹھپا لگا کر وفاق کو جواب دیں، ایک سال سے عوام کی لڑائی اسمبلی میں لڑ رہا ہوں، میں نے حکومت کو گھر بھیجنا ہے. واضح رہے کہ گزشتہ روز لاڑکانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی اور اس کے سہولت کار ایک سال سے ہمارے جمہوری حقوق پر حملے کرتے آرہے ہیں.

انہوں نے کہا تھا کہ عوام کے معاشی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن سلیکٹڈ حکومتیں صوبوں کے وسائل اور عوام کے حقوق کو سلب کرلیتی ہیں، پی ٹی آئی اور اس کے سہولت کار ایک سال سے ہمارے جمہوری حقوق پر حملے کرتے آرہے ہیں. انہوں نے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی نے 1973 کے آئین اور 18ویں ترمیم کے لیے قربانیاں دیں، ہمارے جمہوری اور معاشی حقوق پر حملہ ہورہا ہے، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیربھٹو قتل کیس میں آج تک انصاف نہ ملا کیا ہماری عدلیہ انصاف کرتی ہے.

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت کبھی عوام کے معاشی حقوق کا تحفظ نہیں کرسکتی، حکومت نے مہنگائی کا سونامی اور ٹیکسوں کا طوفان کھڑا کر دیا، عوام دشمن بجٹ سے عوام کا معاشی قتل ہورہا ہے لیکن حکومت عوام کے ریلیف دینے کے لیے کوئی اقدام نہیں کر رہی، نوجوانوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے، ہمیں اپنے عوام کے معاشی حقوق کا تحفظ کرنا ہے. ان کا کہنا تھاکہ اگر ہم عوام کی آواز نہیں بنیں گے تو ان کے حقوق سلب ہوتے رہیں گے، ہمیں مل کر پی ٹی آئی اور سہولت کاروں کو گھر بھیجنا اور عوامی حکومت بنانی ہے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات