سکھوںکی تنظیم اکال تخت کی طرف سے ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

منگل 15 اکتوبر 2019 11:36

چندی گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) سکھوںکی تنظیم اکال تخت کے سرابرہ گیانی ہرپیت سنگھ نے ہندو انتہاپسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ آ ر ایس ایس بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کو نظریاتی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گیانی ہرپیت سنگھ نے امرتسر میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آر ایس ایس پر پابندی عائد کی جانی چاہیے کیونکہ جو کچھ آر ایس ایس کر رہی اس سے بھارت میں تقسیم پیداہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آر ایس ایس کے لیڈروںکی طرف سے دیئے جانے والے بیانات ملک کے مفاد میںنہیں۔ انہوںنے کہاکہ آر ایس ایس کے نظریات ملک کے خلاف ہیں اور اس سے ملک تباہ ہو جائے گا۔ اکال تخت سکھوں کی سب سے بڑی مذہبی تنظیم ہے ۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سکھ برادری اور آر ایس ایس کے درمیان نظریاتی بنیادوںپر محاذ آرائی دیکھی گئی ہے ۔ گزشتہ ہفتے شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر گوبند سنگھ لونگوال نے دسہرہ کی تقریبات کے موقع پر آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی طرف سے بھارت کو ایک ہندو ریاست بنانے کے بیان پر اعتراض کیاتھا۔

متعلقہ عنوان :