چین نے اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی

منگل 15 اکتوبر 2019 11:46

چین نے اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) بٹ کوئن اور فیس بک کی جانب سے ڈیجیٹل کرنسی لبرا کے اجراء کے اعلان کے بعد چین نے بھی اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی، اس سے حکومت اور مرکزی بینک کو یہ جاننے میں آسانی ہوگی کہ لوگ اپنی رقوم کہاں خرچ کرتے ہیں۔اقتصادی ماہرین کے مطابق چینی ڈیجیٹل کرنسی دیگر کرپٹو کرنسیز کی طرح آزاد نہیںہوگی، اسے استعمال میں لانے والے صارفین کی منی ٹریل کوئی حاصل نہیں کرسکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کے نقد خریداری نظام کو سختی سے نافذ رکھا جائے گا جس کی ذمہ داری مرکزی بینک کے پاس ہوگی، اس سے ملک بھر میں رقوم کے لین دین بارے جاننے کے لیے چینی حکام کو وسیع پیمانے پر رسائی حاصل ہوگی۔یاد رہے کہ ستمبر کے آخری ایام میں پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر یی گانگ نے کہا تھا کہ نئی چینی کرنسی موجودہ الیکٹرانک پیمنٹ سسٹم سے منسلک ہوسکتی ہے، جس طرح وئی چیٹ اور علی پے فون ایپس شامل ہیں، جن کا دائرہ کار ملک بھر میں ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

ادھر چینی میڈیا ذرائع کے مطابق اس کرنسی کی لانچنگ کنواروں کے عالمی دن کے موقع پر 11 نومبر کو ہونی بتائی جارہی ہے، جوکہ آن لائن خریداری کے حوالے سے بھی اہم اور بڑا دن ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک وقت تھا کہ چین بٹ کوائن کا ایک بڑا مرکز تھا اور صرف دو سال قبل چینی کمپنیوں بی ٹی سی چائنا، او کے کوائن اور ہیوبی سے کی جانے والی تجارت دنیا بھر کی ڈیجیٹل کرنسی کے 98 فیصد سے زیادہ تھی۔