سعودی عرب میں دُنیا کی سب سے اُونچی معلق مسجد کی تعمیر شروع

یہ منفرد مسجد ، مسجد الحرام سے 161میٹر اُونچی اور 400 مربع میٹر پر محیط ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 اکتوبر 2019 11:50

سعودی عرب میں دُنیا کی سب سے اُونچی معلق مسجد کی تعمیر شروع
مکہ مکرمہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15اکتوبر2019 ) سعودی عرب میں دُنیا کی سب سے اُونچی معلق مسجد کی تعمیر شروع ہو گئی ہے۔ یہ دُنیا بھر میں اپنی نوعیت کی منفرد ترین مسجد ہو گی۔ العربیہ نیوز کے مطابق یہ معلق مسجد خانہ کعبہ سے کچھ فاصلے پر قائم ایک بلند و بالا عمارت پر تعمیر کی جا رہی ہے۔ اس معلق مسجد کی اُونچائی مسجد الحرام سے 161 میٹر بلند ہو گی جبکہ اس کا رقبہ 400 مربع میٹر پر محیط ہو گا جہاں 200 افراد بیک وقت نماز ادا کر سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شاہ عبدالعزیز ہائی وے پر مسجد حرام سے کچھ فاصلے پردو جڑواں ٹاور بنائے گئے ہیں۔جن کو آپس میں مربوط کرنے کے لیے ایک مسجد نما پُل بنایا گیا ہے۔ اس کا ڈیزائن اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ اس پُل کا 50 فیصد رقبہ نماز اور اور باقی 50 فیصد دیگر سروسز کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس معلق مسجد کے ڈیزائن اور تعمیر کی ذمہ داری مکہ چیمبر میں ریئل اسٹیٹ کمیٹی کے چیئرمین انجینئر انس صیرفی کو سونپی گئی ہے۔

جنہوں نے بتایا ہے کہ اس منصوبے پر کام شروع ہو گیا ہے جو اگلے چھ ماہ کے اندر تکمیل کو پہنچ جائے گا۔اس معلق مسجد کو براہِ راست حرم مکی کے آڈیو اور ویڈیوسسٹم کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔انس صیرفی نے مزید بتایا کہ اس معلق پُل پر بنی مسجد کے علاوہ یہاں سے آب و ہوا اور قدرتی مناظر، خانہ کعبہ ، حرم مکی اور مکہ معظمہ کے ایک وسیع علاقے کو دیکھنے اور مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ صیرفی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پرکام شروع کرنے سے قبل اس کے بہت سے پہلوؤں مثلاً معلق مسجد کی آب وہوا، زلزلہ پروف بنانے، درجہ حرارت اور مسجد تک پہنچنے کے لیے لفٹوں سمیت دیگر تمام امور پرباریکی کے ساتھ غور کیا گیا۔