4 پاکستانی خواتین اے سی سی لیول1 ویمن کوچنگ کورس میں شرکت کریں گی

قومی کرکٹر فریحہ محمود اور گلگت سے تعلق رکھنے والی تسلیم بانو کے علاوہ مزید 2 پاکستانی خواتین کورس میں شرکت کریں گی

منگل 15 اکتوبر 2019 12:12

4 پاکستانی خواتین اے سی سی لیول1 ویمن کوچنگ کورس میں شرکت کریں گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2019ء) کرکٹ کے دھارے میں قومی خواتین کی بڑھتی شرکت کی ایک اور مثال 4 پاکستانی خواتین کی اے سی سی لیول 1 ویمن کوچنگ کورس میں شرکت ہے۔ تین روزہ کورس 17 سے 19 اکتوبر تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری رہے گا۔
لاہور کی فریحہ محمود اور گلگت سے تعلق رکھنے والی تسلیم بانو کورس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی عاتکہ صابر خان اور راولپنڈی کی رہائشی شہلا بی بی بھی کورس میں شرکت کریں گی۔
25 سالہ فریحہ محمود گذشتہ سال مارچ میں سری لنکا کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔
قومی کرکٹر بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ کا بھی حصہ ہیں۔ کورس میں شرکت کی غرض سے فریحہ محمود کو کیمپ سے 3 روز کی چھٹی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)


ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے ترتیب دیئے گئے کورس کا انعقادپہلی بارکیا جارہا ہے۔ کورس میں افغانستان، بھوٹان، بحرین، ہانگ کانگ، ایران، کویت، ملائشیا، مالدیپ، اومان اور متحدہ عرب امارات کی خواتین بھی شرکت کررہی ہیں۔
علی ضیاء ، سینئر جنرل منیجر این سی اے:
نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سینئر جنرل منیجر اور اے سی سی لیول 1 ویمن کوچنگ کورس کے انسٹرکٹر علی ضیاء کا کہنا ہے کہ پاکستان اس سے قبل 2 مرتبہ اے سی سی لیول 2 کوچنگ کورس کی میزبانی کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کورسز کے کامیاب انعقاد پر ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامات کو قابل ستائش قرار دیا تھا۔
علی ضیاء نے کہا کہ کورس کے لیے ایک خاص معیار طے کیا گیا ہے تاکہ شرکاء کو مفید معلومات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورس میں شریک خواتین اپنے آبائی علاقوں میں کھیل کے فروغ کا سبب بنیں گی۔
سینئر جنرل منیجر این سی اے کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان ایشین کرکٹ کونسل کے ایسوسی ایٹ ممالک کی مدد کرتا رہے گا۔

   
سلطان رانا ،منیجر اے سی سی ایونٹس اینڈ ڈویلمپنٹ :
ایشین کرکٹ کونسل کے منیجر برائے ایونٹس اینڈ ڈویلمپنٹ سلطان رانا کا کہنا ہے کہ رکن ممالک کے باہمی تعاون سے اے سی سی کھیل کے فروغ کے لیے اہم اقدام اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شیڈول لیول 1 ویمن کوچنگ کورس کا انعقاد ایشین کرکٹ کونسل کا قابل فخر کارنامہ ہے۔


سلطان رانا نے کہا کہ پاکستان میں کورس کے انعقاد کا فیصلہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی سربراہی میں اے سی سی ڈویلمپنٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا گیا تھا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے منیجر برائے ایونٹس اینڈ ڈویلمپنٹ نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو کرکٹ کی طرف راغب کرنا ان کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کورس شرکاء کی وطن واپسی پر خواتین کرکٹ کی موٴثر سرگرمیوں کے انعقاد میں مددگار ثابت ہوگا۔


شرکاء :
عاتکہ صابر خان (پاکستان)، اواتف الکلاف (کویت)، دیشن وانگمو (بھوٹان)، ایلناز پروین (ایران)، امیلیا ایلیانی (ملائشیا)،فریحہ محمود (پاکستان)، خدیجہ خلیل (کویت)، مریم زونا(مالدیپ)، میرا بھنوشالی (اومان)، نوال طاہر محمود (بحرین)، شمیلا چتوریکا (یو اے ای)، شانزے شہزاد (ہانگ کانگ)، شازیہ رحمٰن (افغانستان)، شہلا بی بی (پاکستان)، تسلیم بانو (پاکستان)، ویشالی جیسرانی (اومان)۔