Live Updates

پاکستان ریلوے کی ٹکٹوں پر تاحال ڈیم فنڈ کے لیے کٹوتیاں جاری

تمام ٹکٹوں پر ڈیم فنڈ کی مد میں تاحال 10 روپے کاٹے جارہے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 15 اکتوبر 2019 12:17

پاکستان ریلوے کی ٹکٹوں پر تاحال ڈیم فنڈ کے لیے کٹوتیاں جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اکتوبر 2019ء) : پاکستان ریلوے کی ٹکٹوں پر تاحال ڈیم فنڈ کے لیے 10 روپے کی کٹوتی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے کی تمام ٹکٹوں پر اس وقت ڈیم فنڈ کی مد میں 10 روپے کی کٹوتی کی جا رہی ہے۔ ریلوے کی ٹکٹوں پر یہ سرچارج گذشتہ برس پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مستقبل میں آبی بحران کے پیش نظر ڈیم فنڈ کی تعمیر کے لیے رقم اکٹھا کرنے کی مد میں عائد کیا گیا تھا۔

حال ہی میں پاکستان ریلوے نے ڈیم فنڈ میں مزید رقم جمع کرنے کے لیے ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔ یہ سرچارج وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے حکم پر عائد کیا گیا تھا۔ ریلوے حکام نے ریلوے کی 100 روپے کی اکانومی ٹکٹ پر ایک روپیہ، 100 روپے سے زائد ٹکٹس پر دو روپے فی ٹکٹ چارج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ائیرکنڈیشنڈ کلاس ٹکٹ پر بھی دس روپے کا اضافی سرچارج عائد کیا گیا تھا۔

جو تاحال مسافروں سے وصول کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ ملک میں آبی مسائل اور آبی قلت کے پیش نظر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہی ڈیمز کی تعمیر کا حکم دیا تھا جس کے بعد انہوں نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے ایک فنڈ بھی قائم کیا جس کا نام بعد میں ''چیف جسٹس وزیراعظمڈیم فنڈ'' رکھ دیا گیا تھا۔ اس ڈیم فنڈ میں اندرون اور بیرون ملک سے پاکستانیوں نے اپنا اپنا حصہ ڈالا تھا۔

ڈیم فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے ایک بینک اکاؤنٹ بھی مختص کیا گیا تھا۔ اس بینک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ 2018ء (''DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018'') رکھا گیا اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 تھا۔ اس فنڈ کا نام بعد ازاں تبدیل کر کے وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ رکھ دیا گیا تھا۔اس مہم کے تحت 10 ارب سے زائد کی رقم جمع ہو چکی ہے۔ ڈیمز بنانے کے لیے فنڈ ریزنگ مہم ميں پاک فوج، سرکاری ملازمین اور سماجی شخصیات سمیت عام شہريوں نے اپنے عطيات جمع کروائے تھے۔ تاہم رواں برس عدالت عظمیٰ نے ڈیمز فنڈ کے لیے جمع کی گئی اربوں روپے کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا اور فنڈ کے 10 ارب 60 کروڑ روپے نیشنل بنک کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات