ملائیشیا میں مقیم پاکستانیو ں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافہ

منگل 15 اکتوبر 2019 12:51

ملائیشیا میں مقیم پاکستانیو ں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) ملائیشیا میں مقیم پاکستانیو ں کی جانب سے ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے ابتدائی تین مہینوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 2.50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے لے کر ستمبر تک ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 405.11 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 2.50 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 395.11 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا تھا۔ مالی سال 2017-18ء کے اسی عرصہ میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 256.58 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اعداد وشمار کے مطابق ماہ ستمبر میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 121.58 ملین ڈالر کی ترسیلات زر کیں۔ گزشتہ سال ستمبر میں ملائیشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 123.17 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ موجودہ حکومت نے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں جس کے نتیجے میںگزشتہ مالی سال کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں مالی سال 2017-18ء کے مقابلہ میں9.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔