یورپی یونین تھائی لینڈ سے تجارتی مذاکرات کرے گی

منگل 15 اکتوبر 2019 12:51

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) یورپی یونین کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی مذاکرات کا سلسلہ جلد بحال کر دیا جائے گا۔ یورپی یونین اور تھائی لینڈ آزاد تجارتی معاہدے کے منقطع مذاکراتی سلسلے کو پھر سے شروع کریں گے۔

(جاری ہے)

یورپی کونسل کے مطابق تھائی لینڈ میں انتخابی عمل مکمل ہو چکا ہے اور اب تجارتی مذاکرات کے سلسلے کی بحالی مناسب ہو گی۔ ابتداء میں فریقین پارٹنرشپ اور تعاون کے سمجھوتے پر بات چیت شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یورپی یونین کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ بنکاک حکومت کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی بات چیت کب شروع ہو گی۔ تھائی لینڈ میں رواں برس مارچ میں پارلیمانی الیکشن ہوئے تھے۔