سپریم کورٹ نے جیل میں قید سزائے موت کے ملزم معین الدین کا معاملہ واپس ٹرائل کورٹ بھیجتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا

ملزم جیل سپرنٹنڈنٹ کے زریعے دہشتگردی کے مقدمات میں سزا کی کمی کیلئے دوبارہ صدر کو رحم کی اپیل کر سکتا ہے، چیف جسٹس

منگل 15 اکتوبر 2019 14:27

سپریم کورٹ نے جیل میں قید سزائے موت کے ملزم معین الدین کا معاملہ واپس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) سپریم کورٹ نے جیل میں قید سزائے موت کے ملزم معین الدین کا معاملہ واپس ٹرائل کورٹ بھیجتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔منگل کو کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے کی ۔دور ان سماعت چیف جسٹس نے کہاکہ اس کیس میں ماتحت عدالتوں نے جرم302اور دہشتگردی کے معاملے کا الگ سے جائزہ نہیں لیا۔

چیف جسٹس نے کہاکہ دہشتگردی کیس میں صلح کے معاملے پر اہم فیصلہ دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ ہمارا فیصلہ اس کیس پر لاگو نہیں ہوتا ۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ آپ کے فیصلے کا پیرا5 ہمارے کیس پر لاگو ہوتا ہے، کسی عدالت نے بھی صلح کو تسلیم نہیں کیا۔عدالت نے کہاکہ ہم اس کیس کو واپس ٹرائل کورٹ بھیجتے ہیں۔عدالت نے کہاکہ ٹرائل کورٹ302 کے مقدمے میں اگر صلح نامہ تسلیم کرلیتی ہے تو پھر ملزم کی سزائے موت کی ایگزیکیوشن رک جائیگی۔چیف جسٹس نے کہاکہ ملزم جیل سپرنٹنڈنٹ کے زریعے دہشتگردی کے مقدمات میں سزا کی کمی کیلئے دوبارہ صدر کو رحم کی اپیل کر سکتا ہے۔