ریسلر انعام بٹ کو گولڈ میڈل جیتنے کا” انعام“ مل گیا

والدہ نے دسمبر میں شادی کی خوشخبری سنادی، پاکستانی ریسلر انعام بٹ کے گھر جشن کا سماں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 اکتوبر 2019 14:05

ریسلر انعام بٹ کو گولڈ میڈل جیتنے کا” انعام“ مل گیا
گوجرانوالہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15اکتوبر 2019ء) انعام بٹ ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر آئے تو انہیں ایک اور خوشی ملی، انعام بٹ کی والدہ نے بیٹے کو شادی کی خوشخبری دی۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ریسلر انعام بٹ کو”انعام“ مل گیا،ورلڈ بیچ ریسلنگ کا ٹائٹل پاکستانی ریسلرانعام بٹ کے نام رہا، انعام بٹ نے فائنل میں جارجیاکےریسلر کوشکست دی، ورلڈ بیچ ریسلنگ میں انعام بٹ نے پرتگال کے آندرے ڈی سلوا، آذر بائیجان کے آلیوکانان اور ترکی کے اوزکان مورت کو شکست دی جس کے بعد انعام بٹ کا فائنل میں جارجیا کے مارساداتو سے مقابلہ ہوا جنہیں شکست دینے کے بعد انہوں نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

انعام بٹ ان گیمز میں شریک واحد پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے گولڈ میڈل جیتنے پر انعام بٹ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انعام نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، انعام کی جیت تمام ایتھلیٹس کے لیے ایک مثال ہے۔

(جاری ہے)

ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے انعام بٹ کے گوجرانوالہ پہنچنے پر گھر میں جشن کا سماں بندھا ہوا ہے،دوستوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں،بیٹے کے گولڈ میڈل جیتنے پر والدین خوشی سے نہال ہیں، انعام بٹ کی والدہ نے قومی ہیرو کی شادی کی خوشخبری سنادی۔

والدہ کا کہنا تھا کہ دسمبر میں انعام بٹ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں گے،دوسری جانب انعام بٹ کے دوست اور اہل خانہ ان کی جیت پر خوشی سے نہال ہیں، اہل خانہ نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلا کر خوشی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :