Live Updates

خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور قانون سازی کے لئے بل آئندہ سیشن میں قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کا نیشنل انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن میں تقریب سے خطاب

منگل 15 اکتوبر 2019 14:36

خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور قانون سازی کے لئے بل آئندہ سیشن میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ وزیر اعظم عمران خان کا خواب ہے جس کا بنیادی مقصد تمام شہریوں کو یکساں حقوق کی فراہمی ہے،خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیںصرف انہیں مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت خصوصی بچوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور قانون سازی کے لئے بل آئندہ سیشن میںقومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن میں " یوم سفید چھڑی" کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میںکیا ۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ موجودہ حکومت خصوصی بچوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور ہم ان افراد کو معاشرے میں ان کا صحیح مقام دلوائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور قانون سازی کے لئے بل آئندہ سیشن میںقومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان افراد کو حکومت کے مختلف اداروں میںملازمت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے لئے مفت اور رعایتی تعلیم کے لئے انہوں نے حکومتی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو خطوط بھی لکھے ہیں تا کہ ان کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے۔ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ ہر شہری کو اس کا حق دلوانا ان کی وزارت اور حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے تاکہ ریاست مدینہ کی طرح ہر شہری کو اس کا حق اور ترقی کے مواقع مہیا کئے جاسکیں۔

اس تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن شیخ اظہر سجاد نے کہا سفید چھڑی کا عالمی دن جہاں ہمیں تمام محروم طبقات سے اظہار یکجہتی کا موقع فراہم کرتا ہے وہاں معاشرتی ذمہ داریوں سے آگہی کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ سفید چھڑی نابینا افراد میں خود اعتمادی اور بلند ہمتی کا نشان ثابت ہو رہی ہے۔اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹر سائیٹ سیور پاکستان منزہ گیلانی نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات