مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو حکومت نے میڈیا میں اہمیت دلوائی. شیخ رشید احمد

حکومت کی میڈیا پالیسی مناسب نہیں یہ ہماری غلطی جس سے دھرنے والوں کو اتنی اہمیت ملی. وزیرریلولے کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 اکتوبر 2019 14:20

مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو حکومت نے میڈیا میں اہمیت دلوائی. شیخ ..
ننکانہ صاحب(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اکتوبر ۔2019ء) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو حکومت نے مس ہینڈل کیا ہے‘ حکومت کی میڈیا پالیسی مناسب نہیں اور ہماری غلطی ہے دھرنے والوں کو خوامخواہ لفٹ کرائی. ننکانہ صاحب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے پر پورا یقین ہے کہ حکومت جھک کر مولانا سے مذکرات کرئے گی،انہوں نے کہا کہ ملاقاتیں ہورہی ہیں فضل الرحمان اور دوسرے لوگوں سے بات چیت جاری ہے 23 سے 26 تاریخ کو اس پر اپنی رائے دوں گا.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بھی وکٹ کے دونوں طرف نظر آتے ہیں انہیں کہا ہے ایک طرف کھیلیں، یا آسمان پر رہیں یا پھر اپنے قدم زمین پر رکھ لیں. شیخ رشید نے کہا کہ بلاول مولویوں سے ڈرا ہوا ہے، اسے پتا ہے یہ دھرنا دیں گے اور اسلام آبادمیں دھرنے کی کوئی گنجائش نہیں شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان فیس سیونگ مانگ رہے ہیں، ہوسکتا ہے درمیانی راستہ نکل آئے اور انہیں فیس سیونگ دی جاسکتی ہے.

وفاقی وزیرنے کہا کہ یہ ہماری غلطی ہے کہ ہم نے انہیں بہت زیادہ لفٹ کرائی ہے کابینہ کے اجلاس میں بھی کہا کہ ہماری میڈیا پالیسی مناسب نہیں، ہم خوامخواہ انہیں لفٹ کرارہے ہیں جس نے آنا ہے آجائے، اسلام آباد میں سب اچھے کی دھنیں بج رہی ہیں، کوئی نہ سمجھے وہاں خوف ہے. وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ سب دنیا میں اسلامی قوتوں کو بدنام کرنے کی سازش ہے، مدرسے اسلام کا قلعہ ہیں اور علما قابل احترام ہیں، بعض بے وقوف طاقتیں فضل الرحمان کی دہشت گردی کی حیثیت سے تصویر پیش کررہی ہیں جو غلط ہے، مولانا ایک دو فعہ خود دہشت گردی کی نذر ہونے سے بچے ہیں.

شیخ رشید نے کہا کہ ڈنڈوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پورا یقین ہے معاملات سیٹل ہوجائیں گے، جوڈو کراٹے اور بنکاک شعلے نہیں دیکھ رہا، سب اچھا دیکھ رہا ہوں‘مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے جو کچھ ہماری حکمت عملی ہے اس میں مودی پھنس رہا ہے، یہ ایک دن کی لڑائی نہیں ہے، چین میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ وقت گزارنے کا وقت ملا، سمجھتا ہوں پاک فوج ہر لمحہ کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے.