فضل الرحمان کا دھرنا،شیخ رشید کا حکومتی غلطی کا اعتراف

منگل 15 اکتوبر 2019 14:59

فضل الرحمان کا دھرنا،شیخ رشید کا حکومتی غلطی کا اعتراف
ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) وزیر ریلوے شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے متعلق حکومتی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کی میڈیا پالیسی مناسب نہیں اور ہماری غلطی ہے دھرنے والوں کو خوامخواہ لفٹ کرائی۔

(جاری ہے)

منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کیبنٹ میں بھی کہا ہے کہ ہماری میڈیا پالیسی مناسب نہیں، ہم خوامخواہ انہیں لفٹ کرارہے ہیں، جس نے آنا ہے آجائے، اسلام آباد میں سب اچھے کی دھنیں بج رہی ہیں، کوئی نہ سمجھے وہاں خوف ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ سب دنیا میں اسلامی قوتوں کو بدنام کرنے کی سازش ہے، مدرسے اسلام کا قلعہ ہیں اور علما قابل احترام ہیں، بعض بے وقوف طاقتیں فضل الرحمان کی دہشتگردی کی حیثیت سے تصویر پیش کررہی ہیں جو غلط ہے، مولانا ایک دو فعہ خود دہشتگردی کی نذر ہونے سے بچے ہیں۔