پارک لین کیس، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ای سی پی وعدہ معاف گواہ بن گئے

آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا بھی الزام ہے، رپورٹ

منگل 15 اکتوبر 2019 14:59

پارک لین کیس، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ای سی پی وعدہ معاف گواہ بن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان(ایس ای سی پی) کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر جاوید حسین پارک لین کیس میں آصف علی زرداری کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی اور جاوید حسین کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے مزید تفتیش کی خاطر جاوید حسین کے ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی جسے مسترد کردیا گیا۔عدالت کا آگاہ کیا گیا کہ ایس ای سی پی کے سابق ڈائریکٹر وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں اور ان سے مزید تفتیش باقی ہے۔جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ ملزم کے جسمانی ریمارنڈ کو کتنے روز ہو چکے ہیں۔ وکیل نیب نے جواب دیا کہ 49روز ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے نیب کی استدعا کی مسترد کر دی ملزم کو جوڈیشل ریمارنڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) آصف زرداری کو پارک لین کیس میں گرفتار کر رکھا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا بھی الزام ہے جب کہ اس کیس میں بلاول بھٹو زردای بھی نامزد ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت دو ارب روپے ہے تاہم اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زداری پارک لین کمپنی میں 25 فیصد شراکت دار ہیں اور انہوں نے اپنے شیئرز بلاول کے نام کر رکھے ہیں۔پارلین کس میں سابق صدر پر الزام ہے کہ انہوں نے قومی خزانے کو چار ارب کا نقصان پہنچایا۔

عدالت میں دائر ریفرنس کے متن میں شامل ہے کہ پارک لین کمپنی نے فرنٹ کمپنی پارتھینون کے ذریعے کراچی میں بے نامی جائیداد بنائی۔قرض کی رقم سیآئی بی سی سنٹر میں آٹھ فلور تعمیر کئے گئے۔ ابتدائی طور پر ڈیڑھ ارب کا قرض لیا گیا تھا جو بڑھ کر چار ارب تک پہنچ گیا۔قرض کی مد میں بے ضابطگیاں کی گئیں اورملزمان نے ملی بھگت سے خزانے کو نقصان پہنچایا۔