Live Updates

برطانوی شاہی جوڑے کی وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقاتیں

وزیراعظم ہاﺅس میں ظہرانے میں شرکت‘مارگلہ ہلز اور گرلزکالج کا دورہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 اکتوبر 2019 14:51

برطانوی شاہی جوڑے کی وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقاتیں
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اکتوبر ۔2019ء) پاکستان کے دورے پرآئے برطانوی شاہی جوڑے نے وزیر اعظم ہاﺅس میں ظہرانے میں شرکت کی ہے. برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن وزیر اعظم ہاﺅس پہنچا جہاں وزیر اعظم عمران خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا.وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شاہی جوڑے کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا ظہرانے میں معاون خصوصی زلفی بخاری، فردوس عاشق اعوان، ثانیہ نشتر، وفاقی وزیر شیریں مزاری اور شفقت محمود بھی موجود تھے.

(جاری ہے)

وزیراعظم ہاﺅس کے دورے کے دوران شاہی جوڑے نے وزیراعظم سے ملاقات بھی کی اس سے قبل شاہی جوڑا ایوان صدر پہنچا جہاں ان کی ملاقات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول سے ہوئی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اس موقع پر ڈوپٹے کے ساتھ سبز لباس زیب تن کیا تھا. ملاقات کے دوران صدر مملکت نے شاہی جوڑے کی صحت، موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے کی کاوشوں کو سراہا شہزادہ ولیم نے پر تپاک مہمان نوازی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا.

شاہی جوڑے نے حکومت پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے کے اقدامات کی بھی تعریف کی.قبل ازیں برطانوی شاہی جوڑے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریل فائیو مارگلہ ہلز کا دورہ کیا ہے، معزز مہمان نے یہاں منعقد ہونے والی ماحولیاتی تحفظ کی تقریب میں بھی شرکت کی.شاہی جوڑے کی آمد سے قبل ٹریل فائیو پر تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے علاوہ ازیں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز کا دورہ بھی کیا اور طالبات سے ملاقات کی جبکہ عمارت کے مختلف حصے بھی دیکھے‘اس موقع پر کالج انتظامیہ اور دیگر حکام نے شاہی جوڑے کو پاکستان میں تعلیمی نظام کے بارے میں آگاہ کیا.

واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کے ہمراہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے ہیں، واضح رہے کہ شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ گزشتہ رات نور خان ایئر بیس اسلام آباد پر اتر ا تھا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو، دفتر خارجہ کے حکام اور اعلیٰ حکومتی عہدے داران نے شاہی جوڑے کا پرتپاک استقبال کیا. یاد رہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، یہ دورہ برطانوی شاہی خاندان کے افراد کی جانب سے 13 سال بعد کیا جارہا ہے اس سے قبل شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر نے نومبر2006میں پاکستان کا دورہ کیا تھا.
برطانوی شاہی جوڑے کی وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقاتیں
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات