موسم سرما میں گیس بحران سے نمٹنے کیلئے پاک ایران گیس منصوبہ مکمل کیا جائے ‘ افتخار بشیر

پاک ایران گیس منصوبہ کے ساتھ تاپی گیس منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے‘صدرگرائنڈنگ ملز ایسویسی ایشن

منگل 15 اکتوبر 2019 15:14

موسم سرما میں گیس بحران سے نمٹنے کیلئے پاک ایران گیس منصوبہ مکمل کیا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) ) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو امسال موسم سرما میں گیس بحران سابقہ بحرانوں سے سنگین ہوگا۔ملک میں گیس کی پیداوار مسلسل کمی کاشکار ہے اس لیے موسم سرما میں گیس بحران سے نمٹنے کیلئے پاک ایران گیس منصوبہ فی الفور مکمل کیا جائے ۔

اس منصوبہ کے تحت ایران نے اپنی سرحد تک گیس پائپ لائن کی تنصیب مکمل کرلی ہے لیکن پاکستان میں یہ عمل التواء کا شکار ہے جس کے باعث ہر سال ملک میں موسم سرما میں صنعتی شعبہ کو گیس کی سپلائی بند کردی جاتی ہے گیس بحران سے صنعتی شعبہ بند اور صنعتکار مالی پریشانی کا شکار ہوتے ہیں اور لاکھوں صنعتی مزدور بے روزگاری کا شکار ہوتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ ایران اور ترکمستان سے سستی گیس درآمد کرنے کا منصوبہ التواء کا شکار ہے جبکہ ایل این جی جو قدرتی گیس سے پانچ گنا مہنگی ہے کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس سے عوام پر بوجھ بڑھ رہا ہے اور ملک بھر میں ہوشربا مہنگائی جنم لے رہی ہے ۔اس لیے حکومت پاک ایران گیس منصوبہ کے ساتھ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے تاکہ موسم سرما میں گیس بحران سے نمٹا جاسکے۔