Live Updates

لبریشن لیگ عمران خان کی کشمیر پالیسی کو مسترد کر تی ہے‘میر غلام مصطفی

منگل 15 اکتوبر 2019 15:17

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) جموں کشمیر لبریشن لیگ کے ڈویژنل سیکرٹری جنرل میر غلام مصطفی نے کہا ہے کہ لبریشن لیگ عمران خان کی کشمیر پالیسی کو مسترد کر تی ہے۔ 2 ماہ میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارت نے ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں۔ انہیں گاجر مولی کا طرح کاٹا جا رہا ہے۔ 80 لاکھ کشمیری قید ہیں۔ روز شہادتیں ہو رہی ہیں۔

عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی عوام کا سفیر بن کر اقوام متحدہ سمیت جو دور کئے ہیں سب ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ عمران خان حکومت ان دوروں کو کامیابی قرار دے رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو تک ختم نہیں کروا سکا۔ لبریشن لیگ کو اس پالیسی پر سخت تشویش ہے۔ ایران سعودیہ ثالث بننے کے بجائے مقبوضہ کشمیر کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار میر غلام مصطفی نے جماعتی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت بھارت سے دوستی کے خواب دیکھ رہی ہے۔

عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے ہر جمعہ کو 100، 200 سرکاری ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ کر کے سب اچھا کا نعرہ لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی آزادی کے لئے کشمیری قیادت کو آزادی کا علم سونپا جائے۔ آزاد حکومت کو ریاست کی نمائندہ باغی، ڈوگرہ کی جانشین حکومت کے طور پر تسلیم کیا جائے۔ اجلاس سے گلشاد بٹ، افتخار بٹ، شاکر نور، خواجہ رمضان بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات