کشمیر کی آزادی کیلئے پاکستانیوں کا جذبہ لائق تحسین ہے، ڈاکٹر الدریویش

کشمیریوں کی مسلسل جدوجہد اور خدا پر یقین کی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی،صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی سابق ایم ایل اے محمد مطلوب انقلابی سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 15 اکتوبر 2019 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے مصائب کے خاتمے اور ان کے حق کے حصول کے لیے پاکستانیوں کاجذبہ لائق تحسین ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے نائب صدر اور سابق ایم ایل اے محمد مطلوب انقلابی سے ملاقات کے دوران کہی۔

ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پوری امت مسلمہ کی توجہ کا متقاضی ہے ،جامعات مسئلہ کشمیر کے موضوع پر کانفرنسوں اور سیمنارز کا انعقاد کریں۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کی مسلسل جدوجہد اور خدا پر یقین کی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ انہوں نے مطلوب انقلابی کی اس تجویز کی بھی تائید کی کہ کشمیر میں ایک وائس چانسلر زاجلاس یا کانفرنس کا انعقا د کیا جائے جس میں مسئلہ کشمیر کے حل میں شعبہ تدریس کے کردار پر روشنی ڈالی جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مطلوب انقلابی نے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی یونیورسٹی کی امت مسلمہ کے لیے خدمات کا سراہا اور کہا کہ اسلامی یونیورسٹی اور آزاد جموں و کشمیر کی جامعات کے مابین تعلقات کو وسعت دی جائے جس کے دورس نتائج مرتب ہوں گے۔ ملاقات کے آخر میں صدر جامع کی طرف سے مطلوب انقلابی کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔