Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پانچ نکاتی کلین گرین ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،

پلاسٹک بیگز پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کئے جائیں گے، 30 اکتوبر کو کلین گرین انڈیکس کا اجراء کیا جائے گا، الیکٹرک وہیکل پالیسی کے نفاذ سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سبز انقلاب آئے گا، ری چارج پاکستان ملک کے مستقبل کی ضمانت ہے، کلین گرین منصوبوں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایکو ریسٹوریشن فنڈ کا اجراء کیا جائے گا، ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان میں آگاہی 70 فیصد تک بڑھ گئی ہے جس کا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر ہے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 15 اکتوبر 2019 16:58

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پانچ نکاتی کلین گرین ایجنڈے پر عمل پیرا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پانچ نکاتی کلین گرین ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پلاسٹک بیگز پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کئے جائیں گے۔ 30 اکتوبر کو کلین گرین انڈیکس کا اجراء کیا جائے گا، الیکٹرک وہیکل پالیسی کے نفاذ سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سبز انقلاب آئے گا۔

ری چارج پاکستان ملک کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ کلین گرین منصوبوں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایکو ریسٹوریشن فنڈ کا اجراء کیا جائے گا، ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان میں آگاہی 70 فیصد تک بڑھ گئی ہے جس کا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر ہے۔ منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت اگلے چار سال کے لئے پانچ نکاتی کلین گرین ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اس ایجنڈے میں 10 بلین ٹری منصوبہ، پلاسٹک بیگز پر پابندی، کلین گرین انڈیکس کا اجراء، الیکٹرک وہیکل پالیسی کا نفاذ اور ری چارج پاکستان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 10 بلین ٹری منصوبہ پر عمل درآمد جاری ہے، اس منصوبے پر رواں برس 16 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ منصوبے کے تحت ملک بھر میں شجرکاری کی جا رہی ہے جبکہ زیتون کے پانچ کروڑ پودے بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کا آغاز اسلام آباد سے کیا گیا ہے جبکہ صوبوں میں بھی پابندی کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں اس پابندی کی خلاف ورزی پر اب جرمانوں کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ 55 ارب شاپنگ بیگز استعمال ہو رہے تھے جو ماحولیات کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے۔ اس سے نجات حاصل کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ ہمارے گرین ایجنڈے کا تیسرا نکتہ کلین گرین انڈیکس کا اجراء ہے۔ یہ انڈیکس رواں ماہ 30 تاریخ کو متعارف کرایا جائے گا جس میں صفائی ستھرائی اور سبزے کے لئے 35 مختلف اشاریئے شامل کئے گئے ہیں۔

پروگرام کے تحت 20 بڑے شہروں میں کلین گرین انڈیکس کا مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی کا نفاذ کلین گرین ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ پالیسی تیار کرلی گئی ہے جسے کابینہ سے منظوری کے بعد نافذ کر دیا جائے گا۔ اس سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سبز انقلاب آئے گا۔ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری کے لئے بہت زیادہ کام ہو چکا ہے، لوگ پالیسی کے انتظار میں ہیں۔

امید ہے کہ 2030ء کے اہداف حاصل کرلئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ری چارج پاکستان کا منصوبہ ملک کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ اس منصوبہ کے تحت استعمال شدہ پانی کو دوبارہ کارآمد بنا کر گرائونڈ واٹر میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اس پانچ نکاتی پروگرام کی منظوری دی ہے اور اس کے تحت منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ ہمارے ایجنڈے کا ایک اور اہم پہلو ان بڑے منصوبوں کے لئے حکومتی فنڈنگ کے علاوہ عالمی اداروں سے بھی فنڈنگ کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔

اس مقصد کے لئے ایکو ریسٹوریشن فنڈ لانچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور سرسبز پاکستان پروگرام کے تحت منصوبوں کے لئے 20 ارب روپے کی گرانٹس حاصل کی گئی ہیں۔ یہ گرانٹس عالمی اداروں کے پاکستان کی کوششوں کے اعتراف کا اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے کلین گرین پاکستان کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کی ہے۔ اس رپورٹ کے نکات ہمارے کلین گرین ایجنڈے سے ہم آہنگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ کا سرورق وزیراعظم عمران خان کے وژن کا عکاس ہے۔ اس رپورٹ میں جہاں ملک کے ماحولیات کے شعبہ اور اس سے وابستہ مسائل کی وجہ سے ملکی معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے لئے سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی مسائل کی وجہ سے 2006ء میں جی ڈی پی کا 6 فیصد متاثر ہوا جو 2016ء میں 9 فیصد تک پہنچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان میں ماحولیات سے متعلق مسائل کے بارے میں آگاہی بڑھی ہے۔ 2015ء میں اس کی شرح 30 فیصد تھی جو 2018ء میں بڑھ کر 70 فیصد ہو گئی۔ یہ آگاہی وزیراعظم عمران خان کے وژن اور ان کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔ عالمی بینک نے پاکستان تحریک انصاف کے بلین ٹری، کلین گرین پاکستان اور پنجاب گرین ڈویلپمنٹ کے منصوبوں کو کامیابی قررا دیا ہے۔

اس رپورٹ کی تمام سفارشات بھی ہمارے پانچ نکاتی ایجنڈے سے ہم آہنگ ہیں اور پی ٹی آئی کی حکومت ان پر پہلے ہی کام کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گھروں میں چولہوں سے پیدا ہونے والے دھوئیں کے تدارک کے لئے دھوئیں سے پاک چولہے متعارف کرانے کا منصوبہ لایا جائے گا۔ اسی طرح اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں گرین وژن پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں گرین ایریا کو ڈبل کرنا ہے۔ بھارت سے سموگ کا معاملہ اٹھانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ملک امین اسلم نے کہا کہ ملک امین اسلم نے کہا کہ پاکستان کراس بارڈر ماحولیاتی آلودگی کے مسئلہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات