مکئی فصل کی خراب پیداوار‘کمشنر ساہیوال کا نوٹس

منگل 15 اکتوبر 2019 17:58

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) مکئی کی فصل کی خراب پیداوار‘کمشنر ساہیوال کا نوٹس‘وجوہات جاننے کیلئے کمیٹی قائم کرکے 7روز میں رپورٹ طلب۔تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن نے ڈویژن میں سب سے زیادہ کاشت ہونے والی فصل مکئی کی خراب پیداوار اور کسانوں کو ہونے والے شدید مالی نقصانات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت ساہیوال کی سر براہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں کسانوں کے نمائندوں کے علاوہ بیج فروخت کرنے والی کمپنیوں اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شامل ہونگے۔

یہ کمیٹی7روز میں رپورٹ دیگی جس کی سفارشات صوبائی حکومت کو بھجوائی جائیں گی تا کہ ذمہ دار ی کا تعین ہو اور کسانوں کو معاوضہ دیا جا سکے۔یہ فیصلہ کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں کسان تنظیموں کے نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ کسانوں کو در پیش مسائل حل کرنیکی سنجیدہ کوشش کر رہی ہے اور فصلوں کی حالیہ خراب پیداوار کی وجوہات کو جانچا جائے گا تا کہ مستقبل میں کسانو ں کو نقصان سے بچایا جا ئے۔

کسان تنظیموں کے نمائندوں میاں فاروق احمد‘شوکت علی چدھڑ اور کپیٹن (ر) محمد حسین نے بیجوں کی خراب کوالٹی کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا تا کہ بیچ سپلائی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کی جا سکے ۔کمشنر نے بیج فروخت کرنے والی بین الاقوامی اور ملکی کمپنیوں کی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ کسانوں کو بیجوں کی افادیت اور انکے درست وقت کاشت سے متعلق کسانوں کو بھی آگاہی دیں تا کہ وہ نقصان سے بچ سکیں ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں 4لاکھ18ہزار ایکڑ پر مکئی‘6لاکھ 73ہزار ایکڑ رقبے پر چاول اور 11لاکھ 80ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت ہونی ہے جسے چار بڑی کمپنیاں بیج سپلائی کرتی ہیں جن میں سے 3بین الاقوامی کمپنیاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :