Live Updates

وزیر اعظم سی ہوچی سن پورٹ ہولڈنگزکے منیجنگ ڈائریکٹر ارک لپ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ، پاکستان میں سر مایہ کاری کا عزم

وزیر اعظم عمران خان کا ہانگ کانگ کی ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کمپنی کی طرف سے 240 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا بھرپور خیر مقدم حکومت سرمایہ کاری کے سلسلہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور کاروبار کو آسان بنانے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے جس سے ملک میں اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے،عمران کی گفتگو

منگل 15 اکتوبر 2019 18:51

وزیر اعظم سی ہوچی سن پورٹ ہولڈنگزکے منیجنگ ڈائریکٹر ارک لپ کی سربراہی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے ہانگ کانگ کی ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کمپنی کی طرف سے 240 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاری کے سلسلہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور کاروبار کو آسان بنانے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے جس سے ملک میں اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

منگل کو ہوچی سن پورٹ ہولڈنگزکے منیجنگ ڈائریکٹر ارک لپ کی سربراہی میں وفد نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں گروپ نے وزیراعظم کو پاکستان میں 240 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے آگاہ کیا۔ بحری امور کے وزیر سید علی حیدر زیدی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری، سفیر برائے بیرونی سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر حیدر گیلانی اور سینئر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کا وفد مینجنگ ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ و افریقہ اینڈی تسوئی، بزنس ڈائریکٹر ارک نگ اور ان کی پاکستانی مینجمنٹ ٹیم کے ارکان پر مشتمل تھا۔ گروپ مینجنگ ڈائریکٹر ارک لپ نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان میں ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کی طرف سے 240 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے بارے میں بتایا جس سے کراچی پورٹ پر نئے کنٹینر ٹرمینل کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہو گا اور ہوچی سن پورٹ کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ کر ایک ارب ڈالر تک ہو جائے گی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس سرمایہ کاری سے ہوچی سن کے ملازمین کی تعداد میں 3 ہزار تک اضافہ ہو گا۔ وزیر اعظم کو ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز کی ترقی، اس کی پیرنٹ کمپنی سی کے ہوچی سن ہولڈنگزاور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے گروپ کے اہم کردار اور عزم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم کو کراچی کی بندر گاہ کی ترقی کے ذریعے اسے ایشیاء میں تجارت کا مرکز بنانے کے ضمن میں تعاون کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

ہوچی سن پورٹ ہولڈنگز دنیا کی سب سے بڑی پورٹ کمپنی ہے جس کے 30 ہزار سے زائد ملازمین ہیں اور یہ کمپنی ایشیاء، مشرق وسطیٰ، افریقہ، یورپ، امریکا اور آسٹریلیا سمیت 27 ممالک میں 52 بندر گاہوں اور ٹرمینلز پر کام کررہی ہے ۔ کمپنی کا ہیڈکوارٹر ہانگ کانگ میں ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کمپنی کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور پاکستان کی اقتصادی خوشحالی کے لئے اس کے عزم کاخیر مقدم کیا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سرمایہ کاری کے سلسلہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور کاروبار کو آسان بنانے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے جس سے ملک میں اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ سفیر برائے بیرونی سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ کرنسی کی متناسب قدر اور برآمدات میں اضافہ کے نتیجہ میں کنٹینر ٹرمینلز کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ نتیجتاً اس سرمایہ کاری سے ہماری برآمدی مسابقت میں مدد ملے گی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ اور قومی خزانے کے لئے زیادہ ریونیو حاصل ہو گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات