وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں اجلاس،ڈینگی کنٹرول کرنے کیلئے موثر سرویلنس جاری رکھنے کی ہدایت

ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج کا کوئی جواز نہیں، ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج کرنا ڈاکٹروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، چلڈرن ہسپتال کو یونیورسٹی کو درجہ دیا جائیگا،عثمان بزدار

منگل 15 اکتوبر 2019 19:01

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں اجلاس،ڈینگی ..
لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں ڈینگی کی صورتحال، مرض کے تدارک کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے جاری پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ڈینگی کو کنٹرول کرنے کیلئے مزید موثر انداز میں سرویلنس جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار جاری رکھیں۔ آئوٹ ڈور اور اِن ڈور سرویلنس پر پوری توجہ رکھی جائے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کلینیکل مینجمنٹ پر فوکس کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج کا کوئی جواز نہیں، ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج کرنا ڈاکٹروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، ہڑتال ڈاکٹر جیسے نوبل پروفیشن کو زیب نہیں دیتی۔

وزیراعلیٰ نے معاملے کو افہام و تفہیم کے ساتھ جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کے حوالے سے دقت نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوںنے کہا کہ لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گااور ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولتوں میں اضافے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کو یونیورسٹی کو درجہ دیا جائے گااور چلڈرن ہسپتال کی پارکنگ کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کے باہر سڑک پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے مریضوں ، ان کے تیمارداروں اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔