Live Updates

وزیراعظم عمران خان سے برطانوی شہزادہ ولیم کی اپنی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن کے ہمراہ ملاقات

وزیر اعظم نے جدید دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں،عدم مساوات اور تعلیم جیسے چیلنجز کے معاملات سے متعلق آگاہی پھیلانے پر شاہی جوڑے کی کوششوں کو سراہا، پانچ اگست کے بعد پاک بھارت تعلقات اور افغانستان میں امن و مفاہمتی عمل کی حمایت سمیت پاکستان کی ترجیحات سے آگاہ کیا شاہی جو ڑے کے پاکستانی نوجوان طبقے کیساتھ روابط اور مثبت سرگرمیاں قابل تحسین ہیں، وزیراعظم عمران خان برطانیہ پاکستان کو انتہائی اہم ملک تصور کرتا ہے، شہزادہ ولیم

منگل 15 اکتوبر 2019 19:03

وزیراعظم عمران خان سے برطانوی شہزادہ ولیم کی اپنی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی شہزادہ ولیم نے اپنی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن کے ہمراہ وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے منگل کو وزیر اعظم ہائوس آمد پر برطانوی شاہی جوڑے کا پر تپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم سے ملاقات تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود،برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور شہزادہ ولیم کے پرنسپل پرائیویٹ سیکرٹری سائمن کیس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔ شاہی جوڑے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لیڈی ڈیانہ سے پاکستانی عوام کے والہانہ محبت کی یاد دلا دی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے جدید دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں،عدم مساوات اور تعلیم جیسے چیلنجز کے معاملات سے متعلق آگاہی پھیلانے پر شاہی جوڑے کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ شاہی جو ڑے کے پاکستانی نوجوان طبقے کیساتھ روابط اور مثبت سرگرمیاں قابل تحسین ہیں۔وزیر اعظم نے شاہی جوڑے کو پانچ اگست کے بعد پاک بھارت تعلقات اور افغانستان میں امن و مفاہمتی عمل کی حمایت سمیت پاکستان کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ شہزادہ ولیم نے اس موقع پر کہا کہ برطانیہ پاکستان کو انتہائی اہم ملک تصور کرتا ہے۔ انہوں نے گرمجوشی سے خیر مقدم کرنے اور مہمان نوازی پر حکو مت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے بعد ازاں شاہی جوڑے کے اعزاز میں ایک ظہرانہ دیا۔ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر ہیں اور وہ لاہور اور شمالی علاقہ جات بھی جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات