آئی جی پنجاب کا صوبے بھر میں بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں کے علاوہ تمام پولیس ناکوں کو ختم کرنے کا حکم

فری رجسٹریشن سے جرائم کی شرح میںنظر آنے والے اضافے کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس ٹیمیں اپنی پرفارمنس کو مزید موثر بنائیں‘عارف نواز

منگل 15 اکتوبر 2019 23:09

آئی جی پنجاب کا صوبے بھر میں بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے صوبے بھر میں شہریوں کی سہولت کے لئے بین الاضلاعی اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں کے علاوہ تمام پولیس ناکوں کو فوری ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس فورس شہریوں اورگاڑیوں کی چیکنگ کیلئے جاری کردہ نئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے ۔

انہوںنے مزیدکہاکہ پولیس ناکوں کی بجائے سی سی ٹی وی کیمروںاور پٹرولنگ کے ذریعے شاہرات پر مانیٹرنگ اور نگرانی کا عمل سر انجام دیا جائے اور ناکوںپر کھڑے رہنے کی بجائے پولیس افسران واہلکار جرائم کے خاتمے کے لیے آپریشنل سرگرمیوں میں اپنا فعال کردار ادا کریں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر دوران چیکنگ شہریوں کے ساتھ بد سلوکی یا غیر ذمہ دارانہ رویے کا واقعہ سامنا آیا تو متعلقہ ڈی ایس پی براہ راست ذمہ دار ہوگا اور ذمہ داران کے خلاف ڈسپلن میٹرکس کے مطابق محکمانہ اور قانونی کاروائی عمل میںلائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ فری رجسٹریشن سے جرائم کی شرح میںنظر آنے والے اضافے کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس ٹیمیں اپنی پرفارمنس کو مزید موثر بنائیں اور ڈکیتی ، قتل اور ااغوا سمیت دیگرجرائم کی ارداتوںکی روک تھام کیلئے سینئر افسران سپیشل ٹیمیں بنا کر ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لائیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ چہلم حضرت امام حسین علیہ سلام کے موقع پر اے کیٹیگری کے جلوسوں اور مجالس کو فور لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے ،جلوسوں کے راستے میں آنے والے بڑی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز کو لازمی تعینات کیا جائے جبکہ میٹل ڈٹیکٹر، واک تھرو گیٹ اورتلاشی کے بغیر کسی عزادار کو جلوس میں ہرگز داخل نہ ہونے دیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام فیلڈ افسران کو ہدیات دیتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ، کرائم گراف اور پولیس ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ویڈیولنک کانفرنس کے دوران تمام آر پی اوز نے اپنے ریجنز میں کرائم کی صورتحال اور پولیس ٹیموں کے کارکردگی کے متعلق آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی جس پر آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ ڈی پی اوز بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی اورجنسی تشدد کے واقعات میں خود موقع پرلازمی پہنچیںاور ایسے کیسز کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے جیوفینسنگ اور فارنزک سائنس سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ تمام ڈی پی اوز بچوں اور خواتین سے متعلقہ مقدمات کی ہفتہ وار رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے ۔ انہوں نے تاکید کی کہ حضرت عثمان علی ہجویری رحمتہ اللہ کے سالانہ عرس کے موقع پر بھی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور سیکیورٹی پلان ترتیب دیتے ہوئے دربار انتظامیہ کی تجاویز کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی آر اینڈ ڈی کیپٹن (ر) ظفر اقبال، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ کیپٹن (ر) احمد لطیف، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی ، ایڈیشنل آئی جی ڈی اینڈ آئی اظہر حمید کھوکھر،ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی منظور سرور چوہدری ، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس رائو سردار، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ غلام رسول زاہد،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر سید خرم علی ، ڈی آئی جی آئی ٹی ذوالفقار حمیداور ڈی آئی جی آپریشن کیپٹن عطا محمد سمیت دیگرافسران موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :