یو سی 71 اور 72 میں گیس پائپ لائن کی تنصیب سے شہریوں کو سردیوں میں گیس پریشر میں کمی کے مسئلے سے نجات حاصل ہو گی، فیاض الحسن چوہان

منگل 15 اکتوبر 2019 23:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) وزیر کالونیز پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ یو سی 71 اور 72 میں ڈیڑھ کلومیٹر فاصلے تک چار انچ قطر کی گیس پائپ لائن کی تنصیب سے شہریوں کو سردیوں میں گیس پریشر میں کمی کے مسئلے سے نجات حاصل ہو گی جو شہریوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب ایک اور قدم ہے - ان خیالات کا اظہار انہو ںنے یونین کونسل 72 شکریال میں سوئی گیس کی چار انچ قطر کی ڈیڑھ کلومیٹرطویل پائپ لائن کی تنصیب کا افتتاح کرتے ہوئے ان کے اعزاز میں عمائدین علاقہ کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حلقے کی شمالی یونین کونسلوں میں رہائشیوں کو موسم سرما میں گیس کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس پر قابو پانے کے لئے مین لائن سے چار انچ قطر کی ڈیڑھ کلو میٹر طویل پائپ لائن کی تنصیب کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کی تکمیل سے شہریوں کا سوئی گیس پریشر کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا - وزیر کالونیز نے مزید کہا کہ حلقے میں 19 ٹیوب ویلوںاور پانی کی نئی پائپ لائنوں کی تنصیب سے ہر گھر میں پانی کی وافر فراہمی یقینی بنائی گئی ہے - فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ڈینگی وباء کی روک تھام اور عام آدمی کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ان کی کاوشوں سے محکمہ صحت کا موبائل یونٹ اپنے پورے ساز و سامان کے ساتھ گزشتہ پندرہ روز سے حلقے میں موجود ہے - انہو ںنے کہا کہ یہ ہیلتھ یونٹ پورے ہسپتال کے برابر ہے اور اس میں ڈینگی سمیت دیگر درجنوں امراض کے مفت ٹیسٹ کیے جاتے ہیں- وزیر کالونیز نے کہا کہ وہ اپنے حلقے کے شہریوں کو تمام مسائل سے ذاتی طور پر آگاہ ہیں اور انہیں بنیادی سہولیات اور ان کے مسائل کم کرنے کے لئے پوری محنت , لگن اور تندہی سے شب و روز مصروف ہیں - انہو ںنے کہا حلقے کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کر کے پنجاب کا مثالی حلقہ بنایا جائے گا-