مظفرگڑھ، تیز رفتار کوچ سڑک کے کنارے دنبے اور بکریوں کے ریوڑ پر چڑھ گئی، 29 بھیڑ بکریاں ہلاک، 7 زخمی

منگل 15 اکتوبر 2019 23:17

مظفرگڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) مظفرگڑھ کے قصبہ کرمداد قریشی کے علاقے غازی گھاٹ کے نزدیک تیز رفتار کوچ بلوچ ایکپسریس سڑک کے کنارے دنبے اور بکریوں کے ریوڑ پر چڑھ گئی،حادثے کے نتیجے میں 29 بھیڑ بکریاں ہلاک جبکہ 7 زخمی ، تقریباً گیارہ لاکھ روپے کا نقصان،ڈرائیور فرار مقدمہ درج اورکوچ پولیس کے قبضہ میں بند۔

(جاری ہے)

تفصیل کے مطابق قصبہ کرمداد قریشی کا رہائشی حیدر خان ولد نازک خان پٹھان گزشتہ روز غازی گھاٹ کے نزد مظفرگزھ ڈیرہ غازیخان جی ٹی روڈ پر اپنے دنبیاوربکریوں کا ریوڑ سڑک کے کنارے لے جارہا تھا کہ اچانک بلوچ ایکسپریس کمپنی کی تیز رفتار کوچ دوسری گاڑی کو کراس کرتے ہوئے دنبے اوربکریوں کے ریوڑ پر چڑھ گئی۔

جس کے نتیجہ میں 19 دنبے اور10 بکریاں موقع پر ہلاک اور 7 زخمی ہوگئیں۔ حادثے کے بعد ڈرائیور سمیت عملہ موقع سے فرار ہوگیا۔ حیدر خان کے مطابق تقریباً گیارہ لاکھ سے زائد مالیت کا نقصان ہوا ھے۔اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ کوچ کو قبضہ میں لیکر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ڈرائیور اور عملے کی تلاش شروع کر دی ہے۔