فروری کو اپنا ہی ہیلی کاپٹر گرانے والے بھارتی فضائیہ کے افسران کا کورٹ مارشل ہوگا

گذشتہ دنوں بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے بھی اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے نشانہ بنانے کا اعتراف کیا تھا، رپورٹ

منگل 15 اکتوبر 2019 23:26

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) 27 فروری کو اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے تباہ کرنے والے بھارتی فضائیہ کے دو افسران کو کورٹ مارشل کا سامنا کرنا ہوگا۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ رواں سال 27 فروری کو میزائل حملے میں اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے پر بھارتی فضائیہ کے ایک گروپ کیپٹن اور ایک ونگ کمانڈر کورٹ مارشل کا سامنا کریں گے۔

واقعہ میں ملوث دیگر 4 افسران کے خلاف بھی انضباطی کارروائی کی جائے گی ، ان افسران میں دو ائیر کموڈرو اور دو فلائٹ لیفٹیننٹ شامل ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال 27 فروری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے افسران نے اپنے ہی روسی ساختہ ہیلی کاپٹر (MI-17)کو میزائل سے نشانہ بنا ڈالا تھا جس میں 6 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

اٴْس وقت بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کو لے کر جانے والا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ضلع بڈگام کے علاقے جیرنڈ کلاں میں تکنیکی خامیوں کے باعث گر کر تباہ ہوا ہے۔

بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کے مقام پر سیکڑوں کشمیری جمع ہوگئے تھے اور انہوں نے قابض بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں ’جیوے جیوے پاکستان‘ اور ’آزادی‘ کے نعرے لگائے تھے۔بعد ازاں تحقیقات کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ بھارتی فضائیہ نے پاک فضائیہ کے خوف میں اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل مار کر تباہ کردیا۔گذشتہ دنوں بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے نشانہ بنانے کا اعتراف کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا تھا۔ بھارتی ائیرچیف راکیش کمار نے 27 فروری کو پیش آنے والے واقعے سے متعلق اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو اپنے ہی میزائل سے نشانہ بنانا ایک بڑی غلطی تھی۔