Live Updates

سینکڑوں مر د و خواتین کی وزیر اعظم عمران خان کی عوام دوست پالیسیوں کے حق میں ریلی

پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر، ہزاروں ملازمتیں دینے کے علاوہ ملک بھر میں لاکھوں صحت کارڈز کا اجراء، نوجوانوں کے لئے 5 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے کی فراہمی ، مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کے علاوہ 72سالوں سے زیر التوا کشمیر کے مسئلے کو حل کرایا جائے گا، مرکزی رہنما ڈاکٹر ابوالحسن، سید اظہر الحسن قادری، کالم نگار سہیل ہاشمی و ریاض اختر اعوان کا خطاب

منگل 15 اکتوبر 2019 23:40

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی و صوبائی رہنمائوں ڈاکٹر ابو الحسن، سید اظہر الحسن قادری، انصاف یونائیٹڈ لیبر فرنٹ کے چیئر مین ریاض اختر اعوان اور کالم نگار سہیل ہاشمی کی قیاد ت میں کراچی پریس کلب کے سامنے وزیر اعظم عمران خان کی عوام دوست پالیسیوں کے حق میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔

پریس کلب پر ہونے والی اس ریلی میں سینکڑوں مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما ڈاکٹر ابو الحسن نے کہا کہ پاکستانی قوم کتنی خوش نصیب ہے کہ اسے عمران خان جیسے عظیم رہنما کی رہنمائی نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے وعدے کے مطابق 50 لاکھ گھروں کی تعمیرشروع کر چکی ہے، لاکھوں کی تعداد میں ملک بھر میں صحت کارڈز غریب عوام میں تقسیم کئے جا رہے ہیں، نوجوانوں کے لئے پانچ لاکھ روپے سے لے کر 50 لاکھ روپے تک بلا سود قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدام کئے جا رہے ہیں ان تمام کاموں کے ثمرات بہت جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیرا عظم عمران خان کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے دن رات جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ دن زیادہ دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے کو حقیقت میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر سید اظہر الحسن قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مزدوروں، کسانوں، طالب علموں، نوجوانوں اور عام شہریوں کی نمائندہ جماعت ہے اور وہ عوام کے تمام دیرینہ پیچیدہ مسائل کو سمجھتی ہے اور انہیں حل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ابھی چند ماہ پہلے وجود میں آئی ہے اور اپوزیشن احتساب کے خوف سے ہمارے خلاف مورچہ لگا کر بیٹھی ہوئی ہے جو کہ سراسر غیر قانونی اور غیر آئینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ، شہباز شریف اور آصف علی زرداری کسی قسم کا کوئی حساب کتاب دینے کے لئے تیار نہیں ہیں جبکہ ہماری حکومت کو قائم ہوئے ابھی ایک سال کا عرصہ گزرا ہے اور ہم سے حساب کتاب مانگا جا رہا ہے ۔

انہوں نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ فہم و فراست کا مظاہرہ کریں اور پانچ سال انتظار کریں اگلے قومی الیکشن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔ معروف کالم نگار سہیل ہاشمی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جو غریبوں کے لئے پچاس لاکھ گھر بنانے کا اعلان کیا ہے ہم تحریک انصاف کے اس پروگرام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ یہ مکانات سب سے پہلے کراچی کے بے گھر عوام کو دئیے جائیں گے ۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور قوم کے لئے جو جدوجہد وزیر اعظم پاکستان کر رہے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انصاف یونائیٹڈ لیبر فرنٹ کے چیئر مین ریاض اختر اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک بھر میں کام کرنے والے کروڑوں محنت کشوں کے مستقبل کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے دن رات سرگرم عمل ہے اور انشاء اللہ محنت کشوں کی تنخواہوں و دیگر مراعا ت میں شاندار اور تاریخی اضافہ کرائے گی اور محنت کشوں کو درپیش ہر قسم کے جملہ مسائل حل کئے جائیں گے آخر میں پریس کلب پر موجود عوام کی بڑی تعداد نے وزیر اعظم عمران خان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات