Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے پاکستان گرے لسٹ سے نکل رہا ہے،شوکت یوسفزئی

منگل 15 اکتوبر 2019 23:56

پشاور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں اور صحیح فیصلوں کی وجہ سے پاکستان بین الاقوامی سطح پر گرے لسٹ سے نکل رہا ہے۔ عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے اسلام اور مسلمانوں کی صحیح ترجمانی کی اور دنیا میں وہ اسلامی مما لک کے لیڈر کے طور پر ابھرے ہیں۔

ہماراملک مقروض ہے لیکن غریب نہیں ہمارے پاس قدرت کے بے تحاشا وسائل موجود ہیں، ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے ملک مقروض ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے عوام پر 30 ہزار ارب روپے کا قرضہ چڑھا دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو قرضوں سے نکالنے کے لئے سخت فیصلے کئے اور وزیراعظم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے اور مشکل وقت جلد ختم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بالخصوص ہمارے صوبے میں سپورٹس کا بے تحاشا ٹیلنٹ موجود ہے انکو آگے لانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں ۔وہ گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گلبہار میں منعقدہ پہلے انٹر کلاسسز سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سابق صوبائی وزیر سید عاقل شاہ نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان 1947 میں آزاد ہوا ہے تو مولانا فضل الرحمان اب آزادی مارچ کس کے لئے لیے کر رہے ہیں،مولانا فضل الرحمان حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے دھرنا دے رہے ہیں تا کہ احتساب کا عمل روکا جائے لیکن مولانا کو پتہ نہیں کہ وزیراعظم عمران خان کسی دباؤ میں نہیں آتے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جو مرضی کرلیں احتساب کا عمل نہیں رکے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں چوروں، لٹیروں اور کرپٹ لوگوں کی جگہ صرف جیل ہے۔ زرداری اور نواز شریف کو جیل میں ڈال کر عمران خان نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سپورٹس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے سب کو میرٹ پر آگے لانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو جتنی محنت کرے گا اتنا آگے جائے گا۔

پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل کود کی اہمیت سے حکومت بخوبی آگاہ ہے کیونکہ صحت مند جسم ہی صحت مند دماغ کے لئے ضروری ہوتا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ طالبات اور کھلاڑی ابھی سے اپنے لئے رول ماڈل منتخب کرلیں اور محنت کریں کامیابی ضرور ملے گی ۔ آج تک ہم نے جس چیز کو بھی حاصل کرنے کا ارادہ کیا اس کے لئے سخت محنت کی اور اللہ نے کامیابی دی۔اس موقع پرکالج کی طالبات نے مختلف کھیل اور ٹیبلوز پیش کیے اور کالج کی طرف سے صوبائی وزیر کو بھی شیلڈ پیش کی گئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات