Live Updates

تحریک انصاف کو تباہ شدہ معیشت ورثے میں ملی، عمران خان نہ ہوتے تو آج پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہوتا

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا ٹویٹ

منگل 15 اکتوبر 2019 23:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو ایک تباہ شدہ معیشت ورثے میں ملی، عمران خان نہ ہوتے تو آج پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہوتا۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا اور آج ٹیک آف کی پوزیشن میں آئے ہیں۔

جدید حکومت کی معاشی پالیسی پرائیویٹ کاروبار کے فروغ پر مبنی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر اتنا مضبوط ہو کہ لاکھوں نوکریاں پیدا کر سکے، اب بھی حکومت کے کل ملازمین ٹوٹل ورک فورس کا چھ فیصد ہیں، 94 فیصد لوگ زراعت اور پرائیویٹ کاروبار سے منسلک ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آج سرکاری اداروں کا جو حال ہے اس کی بنیادی وجہ سرکاری اداروں میں نوکریاں بیچنا اور میرٹ سے ہٹ کر نوازنا ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے سرکاری اداروں کو نوکریوں کی بندر بانٹ سے تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف معیشت سے نابلد شخص ہی مطالبہ کرے گا کہ نوکریوں سے مراد سرکاری ملازمت ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات