Live Updates

وزیراعظم کی سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 15 اکتوبر 2019 23:51

وزیراعظم کی سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم پاکستان عمران خان سعودی عرب کے دورہ پر ریاض پہنچ چکے ہیں۔ شاہ خالد ائیر پورٹ کے رائل ٹرمینل پر گورنر ریاض فصل بن بندر بن عبد العزیز السعود اور وزیر مملکت اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان نے ان کا استقبال کیا۔اس کے بعد وزیراعظم کی سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات ہوئی ہے۔

اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ عمران خان سعودی عرب اور ایران کے درمیان مصالحت کے سلسلے میں تہران کے بعد ریاض کے ایک روزہ دورے پر ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ اور دیگر حکام بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اور سعودی قیادت کا دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے علاقائی امن واستحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت کو دورہ ایران پر بھی اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم کا روان سال کے دوران سعودی عرب کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ وزیراعظم نے اپنے دورہ چین کے بعد مسلم دنیا کے دو بڑے ممالک ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کی کوششیں تیز کردی تھیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں اتوار کو ایران کا ایک روزہ دورہ بھی کیا تھا، جہاں انہوں نے تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی، سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای اور وزیر خارجہ جواد ظریف سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات