Live Updates

پاکستان کا آپ پر کتنا اثر و رسوخ ہے؟ طالبان کے ترجمان نے انٹرویو کے دوران بھارتی صحافی کو لاجواب کردیا

ہمارے افغانستان میں اپنے قومی مفادات ہیں، ایسا کچھ بھی نہیں ہے کہ ہم کسی ملک کے کہنے پر کچھ کرتے ہیں: سہیل شاہین

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 16 اکتوبر 2019 00:37

پاکستان کا آپ پر کتنا اثر و رسوخ ہے؟ طالبان کے ترجمان نے انٹرویو کے ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2019ء) بھارتی صحافی نے طالبان کے ترجمان سہیل شاہین سے انٹرویو کرتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ پاکستان کا آپ پر کتنا اثر و رسوخ ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے طالبان ترجمان نے صحافی کو لاجواب کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی صحافی نے طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا خصوصی انٹرویو کیا ہے جس کے دوران امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات کے تعطل پر تبصرہ کرتے ہوئے طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں ہے اور امریکیوں کو اس کا اچھی طرح اندازہ ہے، اگر امریکہ واقعی مسئلے کا حل چاہتا ہے تو اسے مذاکرات کی میز پر آکر امن معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر کی اس بات میں کوئی وزن نہیں کہ طالبان نے مذاکرات میں اپنی پوزیشن کو مضبوط کرنے کیلئے حملے کیے کیونکہ حملوں میں پہل امریکہ نے کی جس کا جواب دیا گیا، ویسے بھی فریقین میں کوئی جنگ بندی معاہدہ نہیں تھا ، اگر آج مذاکرات کے مسودے پر دستخط ہوجاتے ہیں تو فوری طور پر سیز فائر ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

بھارتی صحافی نے ان سے سوال کیا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ صرف ان کی حکومت ہی طالبان کو مذاکرات کی میز پر لاسکتی ہے، اس پر آپ کیا کہیں گے اور پاکستان کا طالبان پر کتنا اثر و رسوخ ہے؟ اس سوال پر سہیل شاہین نے کہا کہ ہمارے افغانستان میں اپنے قومی مفادات ہیں، ایسا کچھ بھی نہیں ہے کہ ہم کسی ملک کے کہنے پر کچھ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے افغانستان میں اپنے قومی مفادات ہیں اور اسی بنا پر ہم امریکیوں کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں اور تمام ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات