Live Updates

پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے سلسلہ میں پرکشش ملک بن گیا ہے،صدرڈاکٹر عارف علوی

بدھ 16 اکتوبر 2019 01:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی صنعت و تجارت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں اور پاکستان خطہ بھر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن گیا ہے۔ منگل کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں غربت کم کرنے کی کاز کے لئے بھرپور عزم کر رکھا ہے جس سے امیر اور غریب میں بڑھتے ہوئے فرق پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور تمام طبقات کو ترقی و خوشحالی کے یکساں اور برابر مواقع ملیں گے۔

صدر نے کہا کہ غریب عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا صرف ریاست کی ہی نہیں بلکہ بڑے بڑے کاروباری گروپوں کی بھی ذمہ داری ہے جو امداد کر کے اس ضمن میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی حدت سمیت دنیا بھر کو درپیش عمومی چیلنجز کا بھی ذکر کیا اور ترقی پذیر ممالک کو درپیش غربت کے چیلنج پر بھی بات کی۔ صدر نے برطانوی شاہی جوڑے کے پاکستان میں جاری دورے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی شاہی جوڑے نے اسلام آباد میں جس طرح پاکستانی بچوں کا دل بہلایا اس سے لیڈی ڈیانا کے دورے کی یاد تازہ ہو گئی۔ انہوں نے 1960ء اور 1997ء میں ملکہ الزبتھ کے دورہ پاکستان کی یادیں بھی تازہ کیں اور کہا کہ اس قسم کے دوروں سے دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے میں بڑی مدد ملتی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات