کیا مسلم لیگ ن کی قیادت کیپٹن (ر) صفدر کو ملنے والی ہے ؟

سینئیر صحافی نے پروگرام میں گفتگو کے دوران خبردار کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 16 اکتوبر 2019 10:02

کیا مسلم لیگ ن کی قیادت کیپٹن (ر) صفدر کو ملنے والی ہے ؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ اگر نواز شریف کی خواہش کے مطابق شہباز شریف نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو پھر ڈریں اُس وقت سے جب کوٹ لکھپت جیل سے ایک اعلان ہو گا کہ میری عدم موجودگی میں کیپٹن (ر) صفدر پارٹی کی قیادت کرے گا۔ انہوں نےکہا کہ میں وہ خبر دے رہا ہوں جس کی باپ بیٹی یعنی نواز شریف اور مریم نواز کے مابین ڈسکشن ہو چکی ہے۔

مریم نواز نے اپنے والد سے کہا ہے کہ چچا ہمیں چکر دے رہے ہیں۔ وہ پہلے بھی ائیرپورٹ پر نہیں آئے تھے۔ آج تک ہم پر دباؤ ہی بڑھتا جا رہا ہے۔ عارف حمید بھٹی نے کہا کہ اگر کچھ دنوں سے کیپٹن (ر) صفدر کا لہجہ دیکھا جائے تو معلوم ہو گا کہ انہوں نے جارحانہ رویہ اپنا لیا ہے اور یہ لب و لہجہ درحقیقت ان کی اہلیہ مریم نواز کا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایک خبر آئی تھی کہ کیپٹن (ر) صفدر نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کے ساتھ بیٹھ کر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ملاقات کرنے سے انکار کر دیا اور خود مولانا فضل الرحمان سے علیحدگی میں ملاقات کی تھی۔

کیپٹن (ر) صفدر نے واضح طور پر مولانا فضل الرحمان کو کہا کہ مسلم لیگ ن کی مارچ میں شرکت کا فیصلہ شہبازشریف نہیں بلکہ نوازشریف اور مریم کی ہدایت پر ہوگا۔ آئندہ آپ نے جو بھی بات کرنی ہے وہ مجھ سے کرنی ہے ۔ کیپٹن (ر) صفدر نے مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ میں آپ کا پیغام نوازشریف اور مریم کو پہنچا دوں گا، آئندہ ملاقات فضل الرحمان کی شہبازشریف کی بجائے کیپٹن (ر) صفدر سے ہوگی۔ نواز شریف اور مریم نواز کے جیل میں ہونے کی وجہ سے مسلم لیگ ن کے فیصلے کیپٹن (ر) صفدر کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ اس وقت مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز جیل میں ہیں۔