آرامکو کمپنی کے زیر انتظام الجبیل پلانٹ میں حادثہ، دو افراد جاں بحق

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کمپنی کے ملازمین ایندھن کے اسٹوریج سسٹم میں کام کر رہے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 اکتوبر 2019 10:19

آرامکو کمپنی کے زیر انتظام الجبیل پلانٹ میں حادثہ، دو افراد جاں بحق
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16اکتوبر2019) سعودی عرب میں آرامکو کمپنی کے زیر انتظام الجبیل پلانٹ میں حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں علاج کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سبق ویب سائٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز شام کے وقت پیش آیا جب ٹھیکے دار چند ملازمین سے ایندھن کے اسٹوریج سسٹم میں کام کروا رہے تھے۔

اچانک دھماکے کے نتیجے میں وہاں موجود ملازمین جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ دو زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ دھماکہ آرامکو کمپنی کے ذیلی ادارے ساسرف کے زیر انتظام الجبیل پلانٹ میں ہوا ہے۔ اس واقعہ کے رُونما ہوتے ہی اس کی اطلاع ریسکیو کو کر دیا گئی، جس کے بعد اُن کی ایک امدادی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

جس نے علاقہ کو ملازمین سے خالی کروا لیا ۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے ملازمین کمپنی کے نہیں تھے بلکہ وہ ایندھن کے بڑے اسٹوریج کی صفائی کا ٹھیکہ لینے والی کمپنی کے ملازمین تھے۔ اس پلانٹ پر ہونے والے حادثے کے اسباب جاننے کے خاطر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاکہ مستقبل میں ایسا واقعہ رُونما ہونے سے روکا جا سکے۔ سوشل میڈیا پر اس حادثے کے بعد یہ افواہیں بھی گردش میں آئی تھیں کہ شاید اس پر بھی کوئی حملہ کیا گیا ہے۔ تاہم اعلامیہ کے مطابق یہ واقعہ ایک حادثے کا نتیجہ ہے۔ اس میں کوئی تخریبی کارروائی ملوث نہیں ہے۔