سعودی فٹ بال ٹیم نے قبلہ اول میں نماز کی سعادت حاصل کر لی

سعودی ٹیم فٹبال ورلڈکپ کے کوالیفائنگ میچز کے سلسلے میں ان دِنوں فلسطین کے دورے پر ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 اکتوبر 2019 10:34

سعودی فٹ بال ٹیم نے قبلہ اول میں نماز کی سعادت حاصل کر لی
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16اکتوبر2019) سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم نے مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنے کی سعادت حاصل کر لی۔ بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ وہ مقام ہے جس اسلام کا قبلہ اول ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔سعودی گزٹ کے مطابق سعودی ٹیم نے مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنے کے علاوہ بیت المقدس میں واقع اسلام کے تیسرے سب سے مقدس مقام گنبد صخرا کا بھی دورہ کیا۔

اسی مقام سے حضورﷺ معراج کی رات آسمانوں کی سیر اور اللہ تعالیٰ کے دیدار کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ سعودی فٹ بال ٹیم فٹبال ورلڈ کپ 2022ء کے ایشین کوالیفائنگ راوٴنڈ کا میچ کھیلنے کے لیے ان دنوں فلسطین کے تاریخی دورے پر ہے۔اس موقع پر سعودی کھلاڑیوں کے ہمراہ سعودی فٹ بال فیڈریشن کے صدر یاسر المشعال بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جن کا اس موقع پر کہنا تھا ”یہ میری زندگی کا خوبصورت ترین دِن ہے، میں اللہ کا شُکر ادا کرتا ہوں کہ آج مسجد اقصیٰ کی اندر نماز پڑھ سکتا ہوں۔

فلسطین کے مغربی کنارے پر واقع ایک اسٹیڈیم میں سعودی ٹیم فلسطینی قومی فٹ بال ٹیم کے ساتھ کوالیفائنگ راؤنڈ کے سلسلے میں میچ کھیلے گی۔سعودی ٹیم کے ساتھ اپنی ٹیم کے مقابلے کو لے کر فلسطینی شائقین انتہائی پُرجوش ہیں۔ کیونکہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان میچ فلسطین کی ہوم گراؤنڈ پر ہو رہا ہے۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین میچ کسی تیسرے مقام پر منعقد کیا جاتا تھا۔ فٹ بال کے ایک شائق کا کہنا تھا کہ یہاں پر کھیلے جانے والے اس تاریخی میچ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ سعودی عرب اور فلسطین کے لیے فٹ بال ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنا ہمارا ہدف ہے۔