شاہ رُخ خان کے ٹویٹر بیان نے سعودی عوام کے دِل جیت لیے

شاہ رُخ خان کو ریاض میں منعقدہ تقریب میں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 اکتوبر 2019 10:42

شاہ رُخ خان کے ٹویٹر بیان نے سعودی عوام کے دِل جیت لیے
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16اکتوبر2019ء ) بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار شاہ رُخ خان کی مقبولیت صرف برصغیر پاک و ہند تک ہی محدود نہیں، بلکہ دیگر ممالک میں بھی اُن کے چاہنے والوں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔خلیجی ممالک میں بھی کنگ خان کی فلمیں عربی زبان میں ڈبنگ کے بعد مقامی فلم بینوں کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عرب باشندے بھی شاہ رُخ خان کے بڑے پرستار ہیں۔

تاہم شاہ رُخ نے سعودی عرب کے بارے میں ایسا شاندار بیان دیا ہے کہ سعودی عوام اب پہلے سے بھی بڑھ کر اُن کے دیوانے ہو گئے ہیں۔ شاہ رُخ خان کو گزشتہ دِنوں سعودی مملکت بُلا کر جو ایوارڈ سے نواز ا گیا۔ جس کے بعد انہوں نے ٹویٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ” آپ کی مہمان نوازی اور گرم جوش استقبال کا شکریہ۔ سعودی عرب میں میرا بہت اچھا وقت گذرا۔

(جاری ہے)

میں آنے والی فلموں کے لیے سعودیہ میں حیرت انگیزکہانیوں کا منتظر ہوں۔ یہ سب ویژن 2030ء کا نتیجہ ہے۔“ دبنگ اداکار نے سعودی عرب میں جوئے ایوارڈز وصول کرنے کے دوران بھی کہا کہ اُنہیں توقع ہے کہ ان کی آنے والی فلموں کے لیے سعودی عرب سے زبردست کہانیاں اور شوٹنگ کا موقع مل سکتا ہے۔واضح رہے کہ ریاض میں منعقد جوئے ایوارڈز کے دوران شاہ خان کو بھی اس ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

اس تقریب میں بین الاقوامی شہرت کے حامل کئی فنکاروں نے شرکت کی جن میں جیکی چین، وان ڈیم اور جیسن ماموا بھی شامل تھے۔ ان نامور اداکاروں کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔ سعودی ویب سائٹ العربیہ کے مطابق جوئے ایوارڈ تقریب ریاض سیزن کے تحت منعقد کی گئی۔ جس میں سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ تُرکی الشیخ نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب کے دوران عرب فنکاروں عمرو دیاب، سعدالفرج، سعاد عبد اللہ اور ناصر القصبی کے علاوہ دیگر کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

شاہ رُخ خان نے اس تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے عربی زبان میں چند جملے ادا کیے۔ اور اس تقریب کی متعدد تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیں جو چند منٹوں میں ہی ٹویٹر اور انسٹا گرام پر وائرل ہو گئیں۔ جبکہ جیکی چن نے بھی ایوارڈ ملنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی آئندہ فلم سعودی عرب میں بنانے کا اعلان کیا۔