مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوںنے تین کشمیری نوجوان شہید کر دیئے، فوجی محاصرہ 73 ویں روز بھی برقرار

بدھ 16 اکتوبر 2019 11:13

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کو ضلع اسلام آباد میں تین کشمیری نوجوان شہید کر دیئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے پزل پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا۔

آخری اطلاعات تک علاقے میں قابض بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء مقبوضہ وادی کشمیر اور جموںخطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں 73 ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ اور مواصلاتی معطلی برقرار ہے جس کی وجہ سے لوگ بدستور شدید مصائب و مشکلات سے دوچار ہیں ۔ گو کہ قابض انتظامیہ نے پیر کے روز پوسٹ پیڈ موبائل فون سروس جزوی طور پر بحال کردی تاہم انٹرنیٹ اور پری پیڈ سروس ابھی بھی معطل ہے۔

دکانیں صرف صبح کے وقت دو گھنٹوں کیلئے کھول دی جاتی ہیں تاکہ لوگ ضرورت کی اشیاء خرید سکیں۔ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت انتہائی کم ہے۔ دفاتر ملازمین جبکہ تعلیمی ادارے طلباء سے خالی ہیں اور لوگ پانچ اگست کے ناروا بھارتی اقدام کیخلاف خاموش احتجاج بھر پور طریقے سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔