جامعہ عثمانیہ میں پوسٹ گریجویٹ کالج کا افتتاح نئے دور کا آغاز ہے،آصف خان

بدھ 16 اکتوبر 2019 11:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) جامعہ عثمانیہ پشاور میں پوسٹ گریجویٹ کالج کا افتتاح ایک نئے دور کا آغاز ہے۔جامعہ عثمانیہ پشاور میں پوسٹ گریجویٹ کالج کا قیام علوم عصریہ اور علوم دینیہ کے درمیان خلیج ختم کرنے کی پہلی سیڑھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد آصف خان نے معروف دینی درس گا ہ جامعہ عثمانیہ پشاور میں عثمانیہ پوسٹ گریجویٹ کالج کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا‘انہوں نے کہاکہ جامعہ عثمانیہ پشاور مسٹر اور ملا کے درمیان تفریق ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

زندگی میں پہلی مرتبہ ایک دینی ادارے کا دور ہ کررہا ہوں۔یہاں آکر مایوسی کے اندھیر ے مٹ جاتے ہیں۔جامعہ عثمانیہ جیسے ادارے ہمارا فخر اوراثاثہ اور تمام مدارس اور یونیورسٹیز کے لیے رول ماڈل ہے۔

(جاری ہے)

یہاں دین ودنیا کے درمیان ایک بہترین توازن ملتا ہے۔تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں پر بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی توجہ مرکوز رکھیں۔

تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔تعلیم ایک ہتھیار ہے بشرطیکہ وہ ذاتی مفادکے لیے نہ ہو بلکہ ملک وقو م کی ترقی کے لیے ہو۔جب ہماری تعلیم ملک وقوم کی ترقی کے لیے ہو گی تب ہم بیرونی قوتوں کا مقابلہ کرسکیں گے۔معاشی اور سماجی ترقی میں تعلیم کا اہم کردار ہے۔لیکن اگر اسے انسانی اخلاق واقدار کے سانچے میں نہیں ڈھالا گیا توپھر معاشرے کی تباہی یقینی ہے۔

متعلقہ عنوان :