Live Updates

پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک ہے،

برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا برطانوی دارالامراء کے رکن ضمیر اے چوہدری کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب

بدھ 16 اکتوبر 2019 12:14

پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملکی ترقی کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک ہے، شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا، وزیراعظم عمران خان بار بار خطے میں قیام امن اور غربت کے خاتمہ کی بات کرتے ہیں، تاجروں کو منافع کے ساتھ ساتھ عوامی بھلائی کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب برطانوی دارالامراء کے رکن اور پاکستانی سرمایہ کار ضمیر اے چوہدری کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ انہیں اور پوری قوم کو ضمیر اے چوہدری پر فخر ہے، انہوں نے اپنی محنت، مخیرانہ سرگرمیوں اور کاروباری کامیابیوں سے نام کمایا، انہیں برطانوی دارالامراء میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ بیسٹ وے گروپ اور یونائٹڈ بینک لمیٹڈ ان کی سرپرستی میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا بڑا گروپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے برطانوی شاہی مہمانوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستان میں مخیرانہ سرگرمیوں میں شرکت میں بھرپور آمادگی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم کو سراہا ہے۔ قبل ازیں برطانوی ملکہ الزبتھ اور لیڈی ڈیانا نے بھی پاکستان کے دورے کئے تھے۔ برطانوی شاہی مہمانوں کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان سکیورٹی کے لحاظ محفوظ ملک ہے، اس سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ عارف علوی نے کہا کہ تاجروں کو منافع کے ساتھ ساتھ عوامی بھلائی کا بھی خیال رکھناچاہیے، ترقی پذیر ممالک میں غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک سے بار بار امن کے قیام اور غربت کے خاتمہ کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیسٹ وے گروپ اور یونائٹڈ بینک لمیٹڈ پاکستان کے مختلف شعبوں میں مخیرانہ سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کررہا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر بیسٹ وے گروپ لارڈ ضمیر اے چوہدری، چیف ایگزیکٹو آفیسر یونائٹڈ بینک لمیٹڈ سیما کامل اور ڈپٹی برطانوی ہائی کمشنر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین سمیت ارکان پارلیمنٹ اور تاجر کمیونٹی کے رہنما بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات