جاپانی حکومت کا سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امداد و بحالی کے لیے 710 ملین ین خرچ کرنے کا اعلان

بدھ 16 اکتوبر 2019 14:58

جاپانی حکومت کا سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امداد و بحالی کے ..
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے نے کہا ہے کہ حکومت سمندری طوفان ہیگی بس سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی سرگرمیوں کے لیے 710 ملین ین (6.5 ملین ڈالر) خرچ کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کیا۔انھوں نے بتایا کہ یہ امدادی رقم ہنگامی حالات کے لیے قائم 500 ارب ین کے ریزرو میں سے دی جائے گی، اس کے علاوہ 300 سے زیادہ میونسپل اداروں کو سبسڈیز کی فراہمی کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت طوفان سے متاثرہ عوام کے شانہ بشانہ ہے اور جب تک وہ نارمل حالات کی جانب لوٹ نہیں آتے حکومتی امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ادھر حکومتی ترجمان یوشی ہیدے سوگا نے صحافیوں کو بتایا کہ سمندری طوفان سے متاثرہ علاقے میں اب بھی 1 لاکھ 10 ہزار گھر پانی جبکہ 10 ہزار سے زیادہ گھربجلی سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ علاقے میں لاپتہ افراد کی تلاش اور ریکسکیو کے حوالے سے سرگرمیاں اب بھی جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا سمندری طوفان سے سب سے زیادہ ( 26 ) افراد فوکو شیما صوبے میں ہلاک ہوئے۔یاد رہے کہ ہفتے کے روز آنے والے سمندری طوفان اور اس کے ساتھ تیز ہوائوں سے 70 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے اور کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا اس کے علاوہ طوفان کے ساتھ ہونے والی شدید بارشوں کے پانی سے دریائوں میں طغیانی کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال رہی۔ان کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کے نتیجے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 74 ہوچکی ہے جبکہ درجن سے زیادہ افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔