ْپیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی بریت کی درخواستیں مسترد

جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع ،آئندہ سماعت پر مقدمے کے گواہان طلب ،کیس کی سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی

بدھ 16 اکتوبر 2019 15:04

ْپیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی بریت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی بریت کی درخواستیںمسترد کردیں۔لاہور کی احتساب عدالت میں پیراگون ہائوسنگ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب نے خواجہ برادران کو عدالت میں پیش کیا۔دورانِ سماعت خواجہ برادران کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ پیراگون سوسائٹی پرائیویٹ ہے اس لیے نیب تحقیقات نہیں کر سکتا کیونکہ پرائیویٹ کمپنی کا کیس ایس ای سی پی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، نیب نے غیر قانونی طور پر تحقیقات کیں اور ریفرنس دائر کیا۔

خواجہ برادران کے وکیل کی استدعا پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے جس کے بعد عدالت ایسی کسی درخواست کی سماعت نہیں کر سکتی لہذا عدالت دائر درخواست خارج کرنے کا حکم دے۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد خواجہ برادران کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے بریت کی استدعا مسترد کردی۔

عدالت نے خواجہ برادران کی عدالتی دائرہ کار چیلنج کرنے اور عائد فرد جرم ختم کرنے کی درخواستیں بھی مسترد کردیں جب کہ عدالت نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں واپس جیل بھیج دیا۔علاوہ ازیں عدالت نے آئندہ سماعت پر مقدمے کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ نیب نے پیراگون ہائوسنگ کیس میں گزشتہ برس دسمبر میں ضمانت منسوخ ہونے کے بعد خواجہ برادران کو لاہور ہائیکورٹ سے گرفتار کیا تھا۔