Live Updates

آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ اس عرصہ میں کیا کھیل کھیلا گیا اس کا رزلٹ اب تک سامنے آچکا ہے‘خواجہ فاروق احمد

کسی بھی حکومت کی کارکردگی اور عوام سے کئے گئے وعدوں، اعلانات کے حوالے سے عملدرآمد کیلئے بہت بڑا عرصہ ہوتا ہے

بدھ 16 اکتوبر 2019 15:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) تحریک انصاف پاکستان کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری وسابق وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر میں حکومت کے ساڑھے تین سال گزرنے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حکومت کی کارکردگی اور عوام سے کئے گئے وعدوں، اعلانات کے حوالے سے عملدرآمد کیلئے بہت بڑا عرصہ ہوتا ہے۔

ایسے ہی اعلانات کرکے عوام کو سہانے خواب دکھا کر 2016کے الیکشن میں ووٹ لئے گئے تھے رہی سہی کسر کشمیر کونسل کے کروڑوں روپے کے فنڈز کے ذریعے پوری کرکے جعلی مینڈیٹ کے ذریعے حکومت بنائی گئی۔ آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ اس عرصہ میں کیا کھیل کھیلا گیا اس کا رزلٹ اب تک سامنے آچکا ہے اور عام ووٹر کو بھی اپنے ساتھ کی گئی واردات کا بخوبی اندازہ، احساس ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ فاروق احمد نے دارلحکومت حلقہ 3مظفرآباد شہر کے عمومی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دور میں بھی حلقہ 3کی آسامیوں، فنڈز منتقل ہوتے رہے اور اب بھی وہی پالیسی حلقہ 3کے ساتھ چل رہی ہے کیونکہ جو انتخابی حلقے لاوارث ہوں یا ان کے نمائندے عوامی مفاد پر اپنے ذاتی مفادات، برادری کے مفادات کو ترجیح دیں تو اس حلقہ کے عوام کے ساتھ وہی کچھ ہوتا ہے جو آج حلقہ 3کے پڑھے، لکھے، بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ ہورہا ہے۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ میں انچارج وزیر نے جعلی انٹرویو اور دن دیہاڑے نقل کروا کر اپنے بھانجے، بھتیجے کو گریڈ۔17کی دو آسامیوں پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کے ذریعے تعینات کرا دیا اور اب میونسپل مجسٹریٹ مظفرآباد سے ریٹائرمنٹ کے نتیجہ میں خالی ہونے والی آسامی کو بذریعہ تبادلہ اپنے ضلع میں منتقل کرکے بھرتی کی جارہی ہے۔

اس سے قبل بھی لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سیکرٹری کے ذریعے لگ بھگ 15آسامیاں اسی فراڈ، جعلی انٹرویوز کے ذریعے جس کے چیئرمین خود وزیر موصوف ہیں بھرتی کیا جاچکا ہے۔ وزیراعظم کے علم میں ساری بات ہے لیکن نہ جانے کونسی مجبوری ہے جو وہ ایکشن نہیں لے سکتے۔ اسی طرح 55ارب روپے حکومت اب تک زلزلہ متاثرین کا واپس نہ لاسکی۔ اپنے لئے مہنگی، بلٹ پروف گاڑیاں تو خریدنے کے لئے پیسے موجود ہیں لیکن شہر کے ترقیاتی منصوبہ جات کے لئے فنڈز نہ ہونے کا عذر لے لیا جاتا ہے۔

دارلحکومت میں 9ارب روپے کی لاگت سے سیوریج اور واٹر سپلائی کی ناقص لائنیں بچھادی گئیں پھر آپس میں مل جانے سے شہری سیوریج کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ ہیپاٹائٹس کا شکار ہورہے ہیں۔ ڈینگی پھیلا جارہا ہے لیکن متعلقہ ٹھیکیدار، سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبہ جات پر 9ارب روپے خرد برد کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوپارہی۔

احتساب بیورو کے قوانین میں ترمیم کرکے اسے غیر موثر ادارہ بنا دیا گیا ہے۔ جس ادارے میں چیئرمین، چیف پراسیکیوٹر، ڈائریکٹر انوسٹی گیشن کی اہم آسامیاں عرصہ ایک سال سے خالی ہوں تو اس حکومت کی احتساب کے حوالے سے سنجیدگی کا اندازہ بخوبی ہوسکتا ہے۔ شہر میں اہم ترین منصوبے تاحال ادھورے پڑے ہیں جن میں واک وے، دومیل سیداں لنک روڈ سلائیڈ، لوئر طارق آباد تا اپر طارق آباد، تانگہ سٹینڈ روڈ جیسی اہم ترین لنک روڈز پر کام شروع نہ ہوسکا۔

شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہ ہے۔ بجلی کے بلات اس طرح محکمہ عوام کو دے رہا ہے جس طرح ہر شہری نے اپنے گھر میں کارخانہ لگا رکھا ہے۔ اس لئے کہ چوری کی روک تھام محکمہ ملی بھگت کی وجہ سے نہیں کررہا اور ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے ہر بل میں 2، 3ہزار روپے فالتو ڈال کر اپنا حساب پورا کیا جارہا ہے۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ جس حوالے سے بھی حکومت کی ساڑھے تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لیں تو اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔

میرٹ، برادری اور کسی وزیر سے رشتہ داری ہی رہ گیا ہے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ اس کی دھاندلی اور بدترین اقرباء پروری کی واضح مثال ہے۔ وزراء کی فوج مظفرآبادمیں رہنے کے بجائے اسلام آباد یا بیرون ملک ہوتی ہے۔ ہمارے وزراء بیرون ملک اس طرح جاتے ہیں جس طرح عام شہری راولپنڈی جاتا ہے۔ شیخ زید ہسپتال کم اور ایک قید خانہ زیادہ نظر آتا ہے کہ علاج کے بجائے پابندیاں ہی پابندیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔

سی ٹی سکین، ایکسرے، مشین سب کچھ خراب ظاہر کیا جاتا ہے کہ پرائیویٹ افراد کا کاروبار چمکے۔ شیخ زید ہسپتال سے صرف پنڈی ایبٹ آباد ریفر کرنے کی تنخواہ ڈاکٹرز کو دی جاتی ہے۔ پارکنگ کے نام پر جگا ٹیکس مریضوں سے لیا جاتا ہے غرضیکہ حکومت کے زیر انتظام کوئی بھی ادارہ محکمہ لیا جائے تو کارکردگی صفر جمع صفر ہے۔ انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں عوام حساب پورا کرنے کیلئے بالکل تیار ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات