Live Updates

ترقی کی دوڑ میں شامل رہنے کے لئے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے،صدر مملکت عارف علوی

موجود ہ دور میں مینوفیکچررز، فروخت کنندگان اور صارفین کے مابین رابطے بہت بہتر ہوگئے ہیں، ان تبدیلیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے نوجوان خود کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کریں، تاجروں کو منافع کے ساتھ ساتھ عوامی بھلائی کا بھی خیال رکھناچاہیے، ترقی پذیر ممالک میں غربت میں اضافہ ہو رہا ہے، تقریب سے خطاب

بدھ 16 اکتوبر 2019 15:35

اسلام آباد /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ترقی کی دوڑ میں شامل رہنے کے لئے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے، موجود ہ دور میں مینوفیکچررز، فروخت کنندگان اور صارفین کے مابین رابطے بہت بہتر ہوگئے ہیں، ان تبدیلیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے نوجوان خود کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کریں، تاجروں کو منافع کے ساتھ ساتھ عوامی بھلائی کا بھی خیال رکھناچاہیے، ترقی پذیر ممالک میں غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وہ لاہور میں اوپن یونیورسٹی کی ایسوسی ایشن کی33 ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ فاصلاتی ذرائع تعلیم کا فروغ وقت کی ضرورت بن چکا ہے، اس سے وقت اور اخراجات کی بچت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو افراد یا قومیں ہر دور کی ضروریات اور تقاضوں کا ادراک نہیں کرتیں وہ ترقی کی دوڑ میں جو پیچھے رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم کے اعتبار سے تاریخ میں اسناد کا بہت بڑا مرتبہ اور اہمیت تھی تاہم پرنٹنگ پریس کی ایجاد اور بعد ازاں صنعتی انقلاب کے نتیجے میں علم کے فروغ کے شعبہ میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئیں۔

اس طرح انٹرنیٹ عام ہونے کے بعد علم کا حصول بہت آسان ہوگیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے اپنی پسندیدہ کتابوں تک آسان رسائی جو ممکن ہوتی ہے، یہ حصول علم اور اس کے پھیلائو کا بہت بڑا ذریعہ ثابت ہوا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجود ہ دور میں مینوفیکچررز، فروخت کنندگان اور صارفین کے مابین رابطے بہت بہتر ہوگئے ہیں، ان تبدیلیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے نوجوان خود کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کریں۔

گزشتہ شب برطانوی دارالامراء کے رکن اور پاکستانی سرمایہ کار ضمیر اے چوہدری کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ انہیں اور پوری قوم کو ضمیر اے چوہدری پر فخر ہے، انہوں نے اپنی محنت، مخیرانہ سرگرمیوں اور کاروباری کامیابیوں سے نام کمایا، انہیں برطانوی دارالامراء میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

صدر مملکت نے کہا کہ بیسٹ وے گروپ اور یونائٹڈ بینک لمیٹڈ ان کی سرپرستی میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا بڑا گروپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے برطانوی شاہی مہمانوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستان میں مخیرانہ سرگرمیوں میں شرکت میں بھرپور آمادگی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم کو سراہا ہے۔ قبل ازیں برطانوی ملکہ الزبتھ اور لیڈی ڈیانا نے بھی پاکستان کے دورے کئے تھے۔ برطانوی شاہی مہمانوں کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان سکیورٹی کے لحاظ محفوظ ملک ہے، اس سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔صدر عارف علوی نے کہا کہ تاجروں کو منافع کے ساتھ ساتھ عوامی بھلائی کا بھی خیال رکھناچاہیے، ترقی پذیر ممالک میں غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک سے بار بار امن کے قیام اور غربت کے خاتمہ کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیسٹ وے گروپ اور یونائٹڈ بینک لمیٹڈ پاکستان کے مختلف شعبوں میں مخیرانہ سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کررہا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات