Live Updates

مجھے پورا یقین ہے دھرنا نہیں ہوگا، آسانی سے دھرنے کی اجازت نہیں ملے گی ، شیخ رشید

مولانافضل الرحمان سیاسی آدمی ہیں وہ جانتے ہیں دھرنے کا انجام کیا ہوگا، وزیرریلوے کی گفتگو

بدھ 16 اکتوبر 2019 15:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے پورا یقین ہے دھرنا نہیں ہوگا، آسانی سے دھرنے کی اجازت نہیں ملے گی ، مولانافضل الرحمان سیاسی آدمی ہیں وہ جانتے ہیں دھرنے کا انجام کیا ہوگا۔وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے دھرنا نہیں ہوگا یہ اتنا آسان کام نہیں ، ان کو اتنی آسانی سے دھرنے کی اجازت نہیں ملے گی۔

انہوںنے کہاکہ شہبازشریف نے ہمیشہ اداروں کیساتھ صلح کی پالیسی اپنائی ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم نے تین بجے میٹنگ بلائی ہے لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ دھرنے سے متعلق حتمی صورتحال 26اکتوبر تک ہی سامنے آئے گی، مولاناصاحب سے بات چیت کرنیوالے کررہے ہیں ابھی نتیجہ نہیں نکلا۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ دھرنے پر ناخوشگوار واقعہ ہوا توقانون حرکت میں آئے گا، وزیراعظم عمران خان کوئی مذاکرات نہیں کررہے ہیں لیکن بات چیت کرنیوالے لوگ مولاناصاحب سے رابطے میں ہیں، ضروری نہیں کہ دھرنا ہو صرف جلسہ بھی ہوسکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ فضل الرحمان سیاسی آدمی ہیں وہ جانتے ہیں دھرنے کا انجام کیا ہوگا، صورتحال واضح ہے پیپلزپارٹی دھرنے میں شریک نہیں ہوگی ، ن لیگ دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے، شہبازشریف میں اتنی جرات نہیں کہ وہ کھل کر سامنے آسکیں ، نوازشریف دھرنے کے حامی اورشہبازشریف حامی نہیں ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف چاہتے ہیں معاملات کو صلح سے حل کیا جائے جبکہ سعد رفیق، خواجہ آصف، ایاز صادق مثبت سوچ والے لوگ ہیں، ن لیگ میں کسی کے پاس ابھی فائنل ایجنڈا نہیں ، ن لیگ دھرنے میں گئی تواس کی قیمت اپوزیشن ادا کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات