وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر ڈاکٹر نور الحق قادری سے پاکستان میں ہالینڈ کے سفیر وانٹر پلم کی ملاقات ،

دونوں ممالک کے مابین قائم تعلقات پر تبادلہ خیال کیاگیا

بدھ 16 اکتوبر 2019 16:42

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر ڈاکٹر نور الحق قادری سے پاکستان میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر ڈاکٹر نور الحق قادری سے پاکستان میں ہالینڈ کے سفیر وانٹر پلم نے بدھ کو یہاں وزارت مذہبی امور میں ملاقات کی اور دونوں ممالک کے مابین قائم تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستان اور ہالینڈ کے مابین برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور یہ تعلقات روز بروز مضبوطی کے جانب رواں دواں ہیں۔

وفاقی وزیر نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو ایک جیسے حقوق حاصل ہیں اور ان اقلیتوں کے جتنے بھی دینی تہوار یا دن ہیں، ان کو پاکستان میں حکومتی سطح پر منایا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نومبر کے دوسرے ہفتے میں حکومت پاکستان کرتارپور منصوبے کا افتتاح کرنے جا رہی ہے جس کے بعد بھارت میں رہنے والے لاکھوں سکھوں کو بابا گرونانک کی آخری آرام گاہ پر سکھ مذہب کے رسومات ادا کرنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

روزانہ کی بنیاد پر بھارت سے 5 ہزار سکھ یاتری پاکستان آئیں گے۔ ویزا پالیسی میں بھی آسانی پیدا کی گئی ہے۔ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ ہالینڈ کے سفیر وانٹر پلم نے وفاقی وزیر نور الحق قادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کے بین المذاہب و ہم آہنگی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ ہالینڈ میں موسمیاتی تبدیلیاں بہت تیزی سے رونما ہو رہی ہیں اور ہالینڈ اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔