ْعلم تک رسائی سب کاحق،معاشرے سے غربت، ناخواندگی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے حصول تعلیم کو آسان بنانا ہو گا،

فاصلاتی نظام تعلیم کے ذریعے علم کی فراہمی میں ورچوئل اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹیز کاکردار قابل ستائش ہے ْصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اوپن یونیورسٹیز کی سالانہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب

بدھ 16 اکتوبر 2019 17:00

ْعلم تک رسائی سب کاحق،معاشرے سے غربت، ناخواندگی اور بے روزگاری کے خاتمے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ علم تک رسائی پر سب کا یکساں حق ہے، معاشرے سے غربت ، ناخواندگی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے تعلیم کے حصول کو آسان بنانا ہو گا،علم کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے ہونے چاہئیں ،یونیورسٹیوں کے مواد پر حق اشاعت کا اطلاق نہیں ہونا چاہیے،فاصلاتی نظام تعلیم کے ذریعے علم کی فراہمی کیلئے ورچوئل اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹیز کاکردار قابل ستائش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روزورچوئل یونیورسٹی کے زیر اہتمام یہاں مقامی ہوٹل میں ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز کی 33 ویںتین روزہ سالانہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہرشہری کے لیے تعلیم کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے اوپن ڈور پالیسی کی ضرورت ہے، موجودہ دور میں انٹرنیٹ نے علم کو وسعت دینے کا ایک سستا موقع فراہم کیا ہے لہذا ہر طالب علم کو ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ کا استعمال کرنا چاہیے جو کہ کتابوں اور دیگر تعلیمی مواد سے سستا ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ ہمارا معاشرہ اور بیوروکریٹک نظام معاشرے میں جدیدیت کے خلاف ہیں لیکن اب اس طرز عمل کو تبدیل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جدیدیت کیلئے نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ فرسودہ تعلیمی نظام کو بھی ختم کرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں نئی نسل نے پچھلی نسل کی بجائے تیزی سے تبدیلیوں کا انتخاب کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ کمپیوٹر ، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ کے ذریعے کلاس روم اورنصابی کتب کے تصور کو تبدیل کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں فاصلاتی نظام تعلیم بھی ایک جدید تکنیک تھی جس میں طلبہ کسی خاص جگہ یا وقت کے پابند نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم دنیا بھر میں مقبول ہورہا ہے اور اس کے ذریعے علم کی فراہمی کیلئے ورچوئل یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کاکردار قابل ستائش ہے۔بعد ازاں صدر مملکت نے اوپن یونیورسٹیزکے ہونہار طلبہ کو ان کی نمایاں کارکردگی اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کوایوارڈز سے نوازا ۔کانفرنس میں 12 ممالک کی اوپن یونیورسٹیوں کے 450 نمائندوں نے شرکت کی۔