Live Updates

حکومت کا مولانا فضل الرحمن سے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ

وزیر داخلہ پرویز خٹک کمیٹی کے سربراہ ہوں گے،کمیٹی اپوزیشن کے مطالبات پر مذاکرات کرے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 16 اکتوبر 2019 17:22

حکومت کا مولانا فضل الرحمن سے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2019ء) : حکومت نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے مذاکرات کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں حکومت نے مولانا فضل الرحمن سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مولانا فضل الرحمن سے مذاکرات کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔کمیٹی اپوزیشن کے مطالبات پر مذاکرات کرے گی۔خیال رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف آزادی مارچ اور دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ یہ آزادی مارچ 27 اکتوبر کو کراچی سے شروع ہو گا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایک طرف تو جمیعت علمائے اسلام (ف) نے تیاریاں شروع کر دی ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت کی جانب سے مولانا کا مارچ اور دھرنا روکنے کے لیے حکمت عملی بنائے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

حال ہی میں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ اور دھرنا منسوخ کرنے کے لیے نہایت اچھا ''سیاسی پیکج'' پیش کیا گیا تھا لیکن مولانا فضل الرحمان نے اس پیکج کی پیشکش کو مسترد کرد یا۔ مولانا نے واضح کر دیا ہے کہ اُن کا آزادی مارچ اور دھرنا پُر امن ہو گا کیونکہ وہ ریاستی اداروں سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مولانا فضل الرحمان عمران خان کے علاوہ کسی بھی سیاسی رہنما سے ہاتھ ملانے کو تیار ہیں۔ دوسری جانب چند اداروں کی رپورٹس میں مولانا کے آزادی مارچ اور دھرنے میں درپیش سکیورٹی خدشات سے بھی آگاہ کیا گیا ہے جس کے بعد حکومت مولانا کا مارچ اور دھرنا روکنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن مولانا کسی طور پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات